لاہور: 40 لاکھ روپے تاوان لینے والے چار ’پولیس اہلکاروں‘ کی تلاش

لاہور میں تاجر کو اغوا کر کے 40 لاکھ روپے تاوان وصول کرنے والے پولیس وردی میں ملبوس چار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے۔

30 جولائی، 2020 کو لاہور کے ایک بازار میں پولیس اہلکار تعینات ہے (اے ایف پی)
 

لاہور میں پولیس نے ایک تاجر کو اغوا کر کے 40 لاکھ روپے تاوان لینے والے چار مبینہ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

ہربنس پورہ کے علاقے کے رہائشی اور لوہے کے تاجر محمد ندیم نے ایف آئی آر میں بتایا کہ وہ بدھ کی رات تقریباً 11 بجے کینال روڈ پر واقع اپنے گھر سے گاڑی پر نکلے تو رنگ روڈ پر پولیس وردی میں ملبوس چار افراد نے انہیں روک لیا۔

دو افراد گاڑی میں سوار ہو گئے اور تلاشی کے بہانے انہیں تھانے چلنے کو کہا، تاہم کچھ دیر بعد اسلحے کے زور پر جنڈیالہ گاؤں لے جا کر ایک حویلی کے کمرے میں باندھ دیا۔

ندیم کے مطابق ملزمان نے ان کے گلے سے دو تولے سونا اتار لیا جبکہ گاڑی میں موجود 25 لاکھ روپے نقدی چھین لی۔

’انہوں نے دھمکی دی کہ گھر والوں سے پانچ کروڑ روپے منگواؤ ورنہ گولی مار دیں گے۔

’میں نے ایک دوست سے 15 لاکھ روپے منگوائے جو دینے کے بعد انہوں نے مجھے سڑک پر چھوڑ دیا۔‘

ہربنس پورہ پولیس سٹیشن کے افسر محمود اکبر کے مطابق تاجر کو جس ڈیرے پر رکھا گیا وہاں سے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اصل ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محمود کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ ملزمان واقعی پولیس اہلکار تھے یا محض وردی پہن کر واردات کی گئی۔

پنجاب میں آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے مقدمات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

پولیس کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق صرف لاہور میں رواں سال اب تک پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف 46 سے زائد مقدمات درج ہو چکے ہیں جن میں کانسٹیبل سے لے کر سب انسپکٹر تک 73 اہلکار نامزد ہیں۔

ان میں 12 سب انسپکٹر اور 11 اے ایس آئی بھی شامل ہیں، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ ’قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار جرم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان