دبئی میں پاکستان ایک کم سکورنگ میچ میں بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں ایک بار پھر اس کا مقابلہ انڈیا سے ہو گا۔
یہ ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب پاکستان اور انڈیا فائنل کھیلیں گے، جبکہ اس ٹورنامنٹ میں یہ ان دونوں ٹیموں کا تیسرا میچ ہو گا۔ فائنل میچ 29 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 136 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بنگلہ دیش صرف 124 رنز ہی بنا سکا۔
اس جیت میں پاکستان کی جانب سے بولرز نے اہم کردار ادا کیا اور ایک چھوٹی ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔ پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر شاہین شاہ آفریدی اچھی فارم میں دکھائی دیے جنہوں نے بیٹنگ میں اہم 19 رنز سکور کرنے کے ساتھ ساتھ تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔
شاہین آفریدی کے علاوہ ٹورنامنٹ میں چوتھی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے صائم ایوب نے شاندار بولنگ کی اور صرف 16 رنز دے کر دو اہم وکٹیں لیں۔
ان دو بولرز کے علاوہ حارث رؤف نے بھی تین اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب کیا تو ایسا لگ رہا تھا جیسے بلے باز پاوور پلے میں پاکستانی بولرز پر اٹیک کرنے کی نیت سے میدان میں اترے ہیں تاہم ان کی یہ منصوبہ بندی ناکام ثابت ہوئی۔
شمیم حسین نے سب سے زیادہ 30 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سیف حسن 18، نور الحسن 16 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس کا بھی حال بنگلہ دیش سے مختلف نہیں تھا اور صرف 11 اووروں میں ہی اس کی 71 رنز پر چھ وکٹیں گر چکی تھیں۔
تاہم ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد محمد حارث، شاہین آفریدی، محمد نواز اور فہیم اشرف نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 135 تک پہنچا دیا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان چار، فخر زمان 13 اور صائم ایوب صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حارث نے سب سے زیادہ 31، شاہین آفریدی نے 19 اور محمد نواز نے اہم 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان سری لنکا اور بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا ہے جبکہ اسے انڈیا سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔