ہاتھ ملانے سے روکنے کا معاملہ: اینڈی پائی کرافٹ کی پاکستانی کپتان سے ’معذرت‘

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی نے 14 ستمبر کو میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری پر آمادگی بھی ظاہر کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کو کہا ہے کہ آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے انڈیا کے خلاف میچ میں اپنے عمل پر پاکستانی کپتان اور ٹیم مینجر سے معذرت کر لی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی نے 14 ستمبر کو میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری پر آمادگی بھی ظاہر کی ہے۔

آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا۔

پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے اس واقعے کو ’مس کمیونیکیشن‘ قرار دیا ہے۔

ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان  متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ آج (بدھ کو) دبئی میں کھیلا جا رہا ہے جسے پی سی بی نے آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی ’برطرفی‘ سے مشروط کیا تھا۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک بیان بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے طویل مشاورت کے بعد ٹیم کو ہوٹل سے دبئی سٹیڈیم روانہ ہونے کی ہدایت کی۔

اس سب سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا میچ جو پاکستانی وقت کے مطابق 7:30 بجے شروع ہونا تھا اب ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہو گا۔

اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں پی سی بی کے مطابق آئی سی سی میچ ریفری پاکستانی کپتان اور ٹیم مینیجر سے معذرت کر رہے ہیں۔

اس سے قبل کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو انتظامیہ کی جانب سے ہوٹل میں ہی رکنے کا کہا گیا تھا۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گروپ میچ بدھ کو دبئی میں کھیلا جانا ہے جس کا ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے ہونا ہے۔

یہ صورت حال اس وقت پیدا ہوئی جب پی سی بی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے درخواست کی تھی کہ سابق زمبابوے کے اینڈی پائکروف کو باقی پاکستانی میچز میں بطور ریفری شامل نہ کیا جائے۔

پی سی بی کا مؤقف ہے کہ انڈیا کے خلاف میچ کے دوران پیش آنے والے ’نو ہینڈ شیک‘ تنازعے میں ریفری کے رویے نے تنازع کو مزید ہوا دی۔

تاہم بعض صحافیوں کے مطابق آئی سی سی نے یہ درخواست مسترد کر دی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے اس فیصلے کے بعد یہاں تک دھمکی دی کہ اگر مطالبہ نہ مانا گیا تو پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسی دوران انڈین صحافی وکرانت گپتا سمیت کئی تجریہ کاروں نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ آئی سی سی نے اینڈی پائکروف کو نہ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان یہ میچ ٹورنامنٹ کے تناظر میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انڈیا سے شکست کے بعد پاکستان کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہے تاکہ وہ سپر فور مرحلے میں جگہ بنا سکے۔

میچ سے قبل پری میچ پریس کانفرنس بھی منسوخ کر دی گئی ہے جس نے غیر یقینی صورت حال کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ایک روز قبل پی سی بی کے ترجمان عامر میر نے کہا تھا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اس حوالے سے مشاورت جاری ہے اور بدھ تک تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ عامر میر نے واضح کیا کہ فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ