انڈیا نے اتوار کو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 میں پاکستان کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 127 بنائے۔
جواب میں انڈیا نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 128 رنز کا آسان ہدف 16ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اوپنر صائم ایوب پہلے اوور میں ہی کھاتہ کھولے بغیر ہردک پانڈیا کو وکٹ دے بیٹھے۔
دوسرے اوور میں محمد حارث بھی جسپریت بمرا کی بال پر آوٹ ہو گئے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان نے ذمہ داری سے کھیلنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 15 بالوں پر 17 رنز بنا کر اکشر پٹیل کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
فخر کے بعد مزید وکٹیں تیزی سے گریں جب کپتان سلمان آغا 12 گیندوں پر صرف تین رنز بنا کر اکشر کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔
کلدیپ یادو نے حسن نواز اور محمد نواز کو لگاتار دو گیندوں پر پویلین کی راہ دکھائی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فہیم اشرف 11، سفیان مقیم 10 اور شاہین شاہ آفریدی نے 33 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے۔
کلدیپ نے تین، اکشر نے دو جبکہ بمرا اور پانڈیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں انڈیا کے آوٹ ہونے والے پہلے اوپنر شبمن گل تھے جو 10 رنز بنا کر صائم کی بال پر سٹمپ ہوئے۔
اوپنر اور نوجوان بلے باز ابھیشک شرما نے صرف 13 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ تاہم وہ بھی صائم کا شکار بنے اور فہیم اشرف کو کیچ تھما بیٹھے۔
کپتان سوریا کمار یادیو 47* اور تلک ورما 31* رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے صائم نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ مقابلے ہمیشہ شائقین کی توجہ کا مرکز رہے ہیں لیکن اس بار ماحول پہلے سے زیادہ تناؤ اور سنسنی خیز رہا۔
مئی 2025 کی جنگ کے بعد دونوں ٹیموں کا یہ پہلا براہ راست ٹاکرا تھا۔
ایشیا کپ میں انڈیا اب تک 19 میچوں میں سے 10 جیت چکا ہے جبکہ پاکستان کو چھ فتوحات حاصل ہوئیں۔
گرین شرٹس نے انڈیا کے خلاف ایشیا کپ میں آخری فتح 2022 میں درج کی تھی۔
انڈیا مجموعی طور پر آٹھ بار ایشیا کپ جیت چکا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز صرف دو بار اپنے نام کیا۔
میچ کے دوران ممکنہ ہنگامہ آرائی کے خدشے کے پیش نظر دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کو خبردار کیا تھا کہ بدزبانی، تشدد یا نسل پرستانہ جملوں پر ایک سے تین ماہ قید اور 10 سے 30 ہزار درہم (پاکستانی کرنسی میں ساڑھے 7 لاکھ سے 23 لاکھ روپے) تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
ایشیا کپ 2025 میں کل آٹھ ٹیمیں دو گروپوں میں تقسیم ہیں۔ گروپ اے میں پاکستان، انڈیا، عمان اور یو اے ای جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا شامل ہیں۔
پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 17 ستمبر کو دبئی میں یو اے ای کے خلاف کھیلے گا۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے میں جگہ بنائیں گی اور 28 ستمبر کو دبئی سٹیڈیم میں فائنل کھیلا جائے گا۔
 
             
              
 
           
                     
                     
                     
                     
                     
                     
                     
                     
	             
	             
	             
	             
	             
	             
                     
                     
                     
                    