پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ

وفاقی وزارت خزانہ کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ یکم اکتوبر سے لاگو ہو گا اور آئندہ 15 روز تک قابل عمل رہے گا۔

یکم ستمبر 2023 کو کراچی کے ایک پیٹرول پمپ پر ایک ملازم موٹر سائیکل میں پیٹرول بھر رہا ہے (آصف حسن / اے ایف پی)

وفاقی حکومت نے منگل کی رات پیٹرول کی قیمت میں 4.07 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کے نرخ میں 4.04 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا۔ 

وفاقی وزارت خزانہ کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی یکم اکتوبر سے قابل عمل اور آئندہ 15 روز کے لیے ہو گی۔

بیان کے مطابق پیٹرول کی قیمت 264.61 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر اب 268.68 روپے فی لیٹر کر دی گئی، جب کہ ڈیزل کی قیمت 272.77 روپے سے بڑھ کر 276.81 روپے فی لیٹر ہو گی۔

وزارت خزانہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ نئی قیمتوں کا فیصلہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور متعلقہ وزارتوں کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔

موٹر سائیکلوں، رکشوں اور نجی گاڑیوں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والے پیٹرول کا براہ راست اثر متوسط ​​اور کم آمدنی والے گھرانوں کے بجٹ پر پڑتا ہے۔ 

دوسری طرف ہائی ڈیزل بھاری نقل و حمل، زرعی مشینری، اور ٹرینوں میں ایندھن کے طور استعمال ہوتا ہے۔ 

ہائی ڈیزل کی قیمت میں اضافے کو مہنگائی کی جانب ایک قدم تصور کیا جاتا ہے کیونکہ یہ اضافہ خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں کو متاثر کرتا ہے۔

حکومت فی الحال پیٹرولیم مصنوعات پر کوئی جی ایس ٹی عائد نہیں کر رہی۔ تاہم اہم لیویز وصول کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پیٹرولیم مصنوعات پر لیویز میں ڈیزل پر 79.50 روپے فی لیٹر اور پیٹرول اور ہائی آکٹین ​​مصنوعات پر 80.52 روپے فی لیٹر شامل ہیں، جو سی ایس ایل کے تحت 2.50 روپے فی لیٹر بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 16-17 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی لاگو ہوتی ہے، چاہے وہ مصنوعات درآمد کی گئی ہوں یا مقامی طور پر تیار کی گئی ہوں۔

اوگرا نے منگل کو بھی اکتوبر کے لیے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں 6 روپے 70 پیسے فی کلو گرام کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اس کمی کے بعد ایل پی جی کا 11.8 کلوگرام سلنڈر، جس کی قیمت ستمبر میں 2,527.47 روپے تھی، اب 79.14 روپے یا 3.13 فیصد کم ہو کر 2,448.33 روپے میں فروخت ہو گا۔

ایک بیان میں اوگرا نے کہا کہ ’ایل پی جی پروڈیوسر کی قیمت سعودی آرامکو-سی پی اور امریکی ڈالر کی شرح مبادلہ سے منسلک ہے۔ گذشتہ مہینے کے مقابلے میں سعودی آرامکو-سی پی میں 3.78 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اوسط ڈالر کی شرح تبادلہ میں 0.23 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت