خواتین میں ڈپریشن کے زیادہ جینیاتی خطرات کا انکشاف

آسٹریلوی محققین کے مطابق خواتین کو جینیاتی طور پر مردوں کے مقابلے میں کلینیکل ڈپریشن کا زیادہ خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

کلینیکل ڈپریشن یا میجر ڈپریسو ڈس آرڈر دنیا میں سب سے زیادہ عام ذہنی عوارض میں سے ایک ہے (پکسا بے)

 

آسٹریلوی محققین نے بدھ کو شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا ہے کہ خواتین کو جینیاتی طور پر مردوں کے مقابلے میں کلینیکل ڈپریشن کا زیادہ خطرہ لاحق ہوتا ہے، جو اس بیماری کے علاج کے طریقے کو تبدیل کر سکتا ہے۔

اپنی نوعیت کی اب تک کی سب سے بڑی قرار دی گئی تحقیق میں سائنس دانوں نے مشترکہ جینیاتی ’فلیگز‘ کی نشاندہی کے لیے ڈپریشن میں مبتلا تقریباً دو لاکھ لوگوں کے ڈی این اے کا مطالعہ کیا۔  

آسٹریلیا کے برگہوفر میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ قیادت پروجیکٹ کے مطابق خواتین میں مردوں کے مقابلے میں ان جینیاتی مارکرز میں سے تقریباً دو گنا زیادہ ڈپریشن سے منسلک تھے۔

محقق جوڈی تھامس کا کہنا تھا کہ ’ڈپریشن کا جینیاتی جزو مردوں کے مقابلے خواتین میں زیادہ ہوتا ہے۔

’مردوں اور خواتین میں مشترکہ اور منفرد جینیاتی عوامل کو کھولنا ہمیں اس بات کی واضح تصویر فراہم کرتا ہے کہ ڈپریشن کی وجہ کیا ہے، جس سے مزید منفرد علاج کے دروازے بھی کھلتے ہیں۔‘  

یہ بات طویل عرصے سے معلوم ہے کہ ڈپریشن خواتین میں زیادہ عام ہے، لیکن حیاتیاتی اسباب اب بھی ایک معمہ ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تحقیق میں خواتین میں ڈپریشن سے منسلک تقریباً 13 ہزار جینیاتی مارکر پائے گئے جبکہ مردوں میں یہ تعداد 7000 ہے۔ 

ان میں سے کچھ جینیاتی تبدیلیاں میٹابولزم یا ہارمون کی پیداوار سے منسلک حیاتیاتی راستے کو تبدیل کر سکتی ہیں۔

تھامس نے کہا کہ ’ہمیں کچھ جینیاتی اختلافات ملے ہیں، جو اس بات کی وضاحت کرنے میں مدد کر سکتے ہیں کہ ڈپریشن میں مبتلا خواتین اکثر میٹابولک علامات کا تجربہ کیوں کرتی ہیں، جیسے کہ وزن میں تبدیلی یا توانائی کی سطح میں تبدیلی۔‘

محقق بریٹنی مچل نے کہا کہ نتائج خواتین میں ڈپریشن کے علاج کے طریقہ کار میں تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ابھی تک، اس بات کی وضاحت کرنے کے لیے زیادہ مستقل تحقیق نہیں ہوئی کہ ڈپریشن جینیات کے ممکنہ کردار سمیت خواتین اور مردوں کو مختلف طریقے سے کیوں متاثر کرتا ہے۔

’اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ کہانیاں سامنے آ رہی ہیں کہ اس وقت کتنی دوائیں تیار کی گئی ہیں اور وہ تحقیق جو ہم آج تک جانتے ہیں، زیادہ تر مردوں پر مرکوز رہی ہیں۔‘ 

کلینیکل ڈپریشن یا میجر ڈپریسو ڈس آرڈر دنیا میں سب سے زیادہ عام ذہنی عوارض میں سے ایک ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا بھر میں 30 کروڑ سے زیادہ افراد ڈپریشن کا شکار ہیں۔

یہ مطالعہ جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوا تھا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین