نیوزی لینڈ: ڈاکٹروں نے لڑکے کے پیٹ سے 100 مقناطیس نکال دیے

متاثرہ لڑکے نے یہ مقناطیس خریداری کے آن لائن پلیٹ فارم ’ٹیمو‘ سے خریدے تھے، جنہیں نکالنے کے لیے ڈاکٹروں کو اس کی آنتوں کا کچھ حصہ کاٹنا پڑا۔

نیوزی لینڈ میڈیکل جرنل کی جانب سے 24 اکتوبر 2025 کو جاری کی گئی ایکس رے کی تصویر میں نیوزی لینڈ کے شہر ٹاورانگا کے رہائشی لڑکے کی آنتوں میں طاقتور مقناطیس کے ٹکڑے نظر آ رہے ہیں (اے ایف پی)

ڈاکٹروں نے جمعے کو بتایا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ایک 13 سالہ لڑکے نے آن لائن خریدے گئے تقریباً سو طاقتور مقناطیس نگل لیے، جنہیں نکالنے کے لیے اس کی آنتوں کا کچھ حصہ کاٹنا پڑا۔

متاثرہ لڑکے نے یہ مقناطیس خریداری کے آن لائن پلیٹ فارم ’ٹیمو‘ سے خریدے۔

چار دن کے پیٹ کے درد کے بعد لڑکے کو شمالی جزیرے پر واقع ٹاورانگا ہسپتال لے جایا گیا۔ نیوزی لینڈ میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی ہسپتال کی رپورٹ کے مطابق: ’لڑکے نے بتایا کہ اس نے تقریباً 80 سے 100 ایسے مقناطیس نگلے تھے جن کا سائز پانچ ضرب دو ملی میٹر تھا اور یہ طاقتور نیوڈیمیم مقناطیس تھے۔‘ 

یہ مقناطیس نیوزی لینڈ میں جنوری 2013 سے ممنوع ہیں لیکن یہ ٹیمو سے خریدے گئے۔ ایکس رے میں دیکھا گیا کہ یہ مقناطیس لڑکے کی آنتوں میں چار سیدھی قطاروں میں جڑ گئے تھے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق: ’یہ آنتوں کے مختلف حصوں میں تھے جو مقناطیسی قوت کی وجہ سے آپس میں چپک گئے۔‘

ڈاکٹروں کے مطابق مقناطیس کے دباؤ نے لڑکے کی چھوٹی آنت اور بڑی آنت کے ایک حصے کے چار مختلف مقامات پر ٹشوز کو مردہ کر دیا۔ سرجنز نے آپریشن کر کے آنتوں کا مردہ حصہ اور مقناطیس باہر نکالے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لڑکے کے آپریشن کی تاریخ نہیں بتائی گئی، تاہم وہ ہسپتال میں آٹھ دن رہنے کے بعد گھر واپس جا سکا۔

رپورٹ کے مصنفین بنورا لیکامالاج، لوسندا ڈنکن ویئر اور نکولا ڈیوِس نے لکھا: ’یہ کیس نہ صرف مقناطیس نگلنے کے خطرات کو ظاہر کرتا ہے بلکہ آن لائن خریداری کے خطرات کو بھی واضح کرتا ہے، خاص طور پر بچوں کے لیے۔‘ 

ڈاکٹروں کا کہنا کہ مقناطیس نگلنے کے بعد ہونے والی سرجری مستقبل میں آنتوں کی رکاوٹ، پیٹ میں ہرنیا یا دائمی درد جیسے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

دوسری جانب ٹیمو نے کہا کہ اسے لڑکے کی سرجری کے بارے میں سن کر افسوس ہوا۔ ٹیمو کے ترجمان نے کہا کہ ’ہم نے داخلی سطح پر تحقیقات شروع کر دی ہے اور نیوزی لینڈ میڈیکل جرنل کے مصنفین سے مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

ٹیمو کا کہنا ہے کہ وہ مقناطیس کی فروخت کی نیوزی لینڈ کے حفاظتی قواعد کے مطابق ہونے کی تصدیق کے لیے تحقیقات کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق: ’فی الحال ہم یہ تصدیق نہیں کر سکے کہ یہ مقناطیس واقعی ٹیمو سے خریدے گئے تھے یا نہیں اور یہ مصنوعات کی کس مخصوص فہرست کا حصہ تھے، تاہم ہماری ٹیمیں تمام متعلقہ مصنوعات کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ مقامی حفاظتی ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔‘

چین میں قائم یہ ای کامرس کمپنی ٹیمو یورپی یونین سمیت کئی منڈیوں میں اس بات پر تنقید کا نشانہ بن چکی ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم سے غیر قانونی مصنوعات ہٹانے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کرتی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت