پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج (جمعرات کو) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے علاوہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے پر مشتمل آئندہ ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی ٹورنامنٹ کے شیڈول میں تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بقیہ ون ڈے میچز اب 14 اور 16 نومبر 2025 کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی ٹورنامنٹ اب مکمل طور پر راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کا آغاز 18 نومبر سے ہو گا جبکہ اس کا فائنل 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔‘
پی سی بی کے بیان میں بتایا گیا کہ پہلے سے جاری او ڈی آئی سیریز کے باقی ماندہ میچوں کے جو ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں وہ 14 اور 16 نومبر کو ہونے والے میچوں کے لیے کار آمد ہوں گے۔
پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو چھ رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔
PCB announces revised schedule for ongoing ODI series with Sri Lanka and upcoming T20I Tri-Nation Tournament
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 12, 2025
Read more ➡️ https://t.co/YqtEd6j8HT#PAKvSL | #PAKvZIM
منگل کو اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں خود کش حملے، جس میں 12 افراد جان سے گئے اور کئی زخمی ہوئے تھے، کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ کے ایک عہدے دار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ کم از کم آٹھ سری لنکن کرکٹرز نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز میں حصہ لیے بغیر وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی یقین دہانی کے بعد سری لنکن نے واپس جانے کا فیصلہ واپس لے لیا اور سری لنکا کرکٹ بورڈ نے یک روزہ میچز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
محسن نقوی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ’سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان جاری رکھنے کے فیصلے پر شکر گزار ہوں۔ کھیل اور یکجہتی کا جذبہ مثالی ہے۔‘
بعد ازاں بدھ کی شب سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو مینیجمنٹ کی جانب سے آگاہ کیا گیا تھا کہ پاکستان کے دورہ پر آئی ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے ’سکیورٹی خدشات‘ کے پیش نظر واپس اپنے وطن جانے کی درخواست کی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’تاہم، اگر کوئی کھلاڑی یا ٹیم کے کسی رکن نے بورڈ کی ہدایت کے باوجود سری لنکا واپس جانے کا فیصلہ کیا، تو سری لنکن کرکٹ فوری طور پر ان کی جگہ متبادل کھلاڑی بھیجے گا تاکہ دورہ بلا تعطل جاری رہے۔‘
یہی نہیں بلکہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ’اگر کوئی کھلاڑی یا معاون عملے کا رکن بورڈ کی ہدایت کے باوجود وطن واپس جاتا ہے، تو ان کے عمل کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا، اور اس کے بعد مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔
مارچ 2009 میں لاہور میں گن مینوں نے سری لنکن ٹیم کی بس پر فائرنگ کی تھی جس میں چھ کھلاڑی زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد تقریباً ایک دہائی تک غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان میں کھیلنے سے گریز کیا۔
پی سی بی کے جمعرات کے بیان میں بتایا گیا کہ شیڈول پر نظر ثانی کا فیصلہ سری لنکا کرکٹ اور زمبابوے کرکٹ کی مشاورت سے کیا گیا۔ ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی ٹورنامنٹ، جس میں پاکستان (میزبان)، سری لنکا اور زمبابوے شامل ہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ٹی ٹوئنٹی (ICC T20) ورلڈ کپ 2026 سے قبل ایک اہم تیاری کے پلیٹ فارم کے طور پر کھیلا جا رہا ہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل سیریز اور ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی ٹورنامنٹ دونوں کے لیے تازہ ترین فکسچر جلد ہی پی سی بی کے آفیشل پلیٹ فارمز پر شیئر کیے جائیں گے۔