پاکستان ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کو ایک سنسنی خیز میچ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی کی اپنی امیدیں زندہ رکھنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
ابو ظبی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے حسین طلعت کی بولنگ اور بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کے 134 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اووروں میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے تھے۔
جواب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف 80 کے مجموعی سکور پر نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی۔ اس موقع پر حسین طلعت جو پہلے ہی کریز پر موجود تھے محمد نواز کے ساتھ عمدہ اننگز کھیلی۔
دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 41 گیندوں پر 58 رنز بنائے اور دونوں ہی بلے باز ناٹ آوٹ لوٹے۔ حسین طلعت نے پہلے تو بولنگ میں پاکستان کو ایک ہی اوور میں دو اہم وکٹیں دلوائیں اور پھر بیٹنگ میں تحمل کا مظاہرہ کیا اور ساتھ ہی کچھ عمدہ شاٹس بھی کھیلیں۔
حسین طلعت نے 30 گیندوں پر 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز نے 24 گیندوں پر 38 رنز بنائے جن میں ایک ہی اوور میں لگائے گئے تین چھکے بھی شامل ہیں۔
آل راؤنڈ پرفارمنس پر حسین طلعت کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سری لنکا کی طرف سے تھیکشانا اور ہسارانگا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ میچ دونوں ہی ٹیموں کے لیے ضروری ہے کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں اپنے ابتدائی میچز ہار چکے ہیں۔ اب اس ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں زندہ رکھنے کے لیے پاکستان اور سری لنکا دونوں ہی کے لیے جیت ضروری ہے۔
پاکستان کو سپر فور مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں انڈیا سے شکست ہوئی جب کہ سری لنکا کو بنگلہ دیش نے ہرا کر دو پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔
ابوظبی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے گذشتہ میچوں کی نسبت کافی بہتر بولنگ کی اور صرف 58 کے مجموعی سکور پر ہی سری لنکا کی نصف ٹیم کو پویلین بھیج دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلے ہی اوور میں وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے لیکن پاکستان کے لیے سب سے کامیاب بولر حسین طلعت ثابت ہوئے جنہوں نے ایک ہی اوور میں لگاتار دو گیندوں پر دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔
شاہین آفریدی نے کل تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف نے دو اور ابرار احمد نے ایک وکٹ لی۔
دوسری جانب سری لنکا کی جانب سے کمنڈو منڈس نے انتہائی اہم اننگز کھیلی اور نصف سنچری سکور کرنے میں کامیاب رہے۔ ان کی اننگز کی بدولت سری لنکا نہ صرف 100 کا ہندسہ عبور کر سکا بلکہ ایک قدرے بہتر ہدف بھی دیا۔
اس میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ دوسری جانب سری لنکا نے بنگلہ دیش سے ہارنے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں جس کے مطابق ویلالاگے اور مشرا کی جگہ کرونارتنے اور تھیکشانے کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
پاکستان کو سپر فور مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں انڈیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں پاکستان نے 172 رنز کا ہدف دیا جسے انڈیا نے ابیشیک شرما کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت باآسانی چھ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
دوسری جانب سری لنکا جو افغانستان کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد فائنل تک پہنچنے کے لیے مضبوط ٹیم سمجھی جا رہی تھی کو سپر فور کے پہلے ہی میچ میں بنگلہ دیش سے ہار چکی ہے۔
بنگلہ دیش نے حیران کن طور پر سری لنکا کا 169 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔