پاکستان آج (منگل کو) راولپنڈی میں شروع ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں سری لنکا کے خلاف اپنی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پر امید ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے بطور ون ڈے کپتان اپنی پہلی سیریز میں جنوبی افریقہ کو دو ایک سے شکست دے کر پاکستان کو کامیابی دلائی تھی۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پری میچ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا: ’سری لنکا سیریز میں ہمارا مقصد اسی جیت کے تسلسل کو آگے بڑھانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کارکردگی میں تسلسل پیدا ہو اور ہر شعبے میں بطور ٹیم بہتری لاتے رہیں۔‘
ون ڈے میچوں میں پاکستان کی کمزور کارکردگی کے باعث شاہین آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل محمد رضوان کی جگہ کپتان مقرر کیا گیا۔ 2025 میں پاکستان نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو طرفہ ون ڈے سیریز ہار چکا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے فائنل میں بھی اسے شکست ہوئی تھی۔ پاکستان رواں سال اپنی میزبانی میں ون ڈے فارمیٹ میں ہی ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ 50 اوورز کے فارمیٹ میں سخت حریفوں کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے پوری ٹیم کو ذمہ داری لینا ہوگی کیونکہ پاکستان 2025 میں اپنے 14 میں سے 10 ون ڈے میچ ہار چکا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے بقول: ’تمام کھلاڑیوں کو ذمہ داری اٹھانی چاہیے، یہ صرف میرا، فخر زمان، بابر اعظم یا صائم ایوب کا کام نہیں، ہم سب کو بہترین کھیلنا ہوگا۔ جو کھلاڑی اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہے، انہیں بھی سپورٹ کرنا چاہیے اور یقین رکھنا چاہیے کہ ہم بطور ٹیم کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔‘
سری لنکا ون ڈے رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے یعنی پاکستان سے ایک درجہ اوپر اور اس نے حالیہ دو طرفہ سیریز میں آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کو اپنے میدان پر جبکہ زمبابوے کو اس کی سرزمین پر شکست دی۔
جنوبی افریقہ کے برعکس، جس نے اپنے سات اہم کھلاڑیوں کے بغیر پاکستان کا دورہ کیا تھا، سری لنکا نے مکمل سکواڈ کا اعلان کیا ہے جس کی قیادت چرِتھ اسالانکا کر رہے ہیں۔
تاہم فاسٹ بولر دلشان مدوشانکا گھٹنے کی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں جن کی جگہ ایشان ملنگا کو شامل کیا گیا ہے، جو امکان ہے کہ اس سیریز میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کریں گے۔
اسالانکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس کی ہوم کنڈیشنز میں شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔