فیصل آباد میں پاکستان نے محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی نصف سینچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میں دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے 264 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا مگر صورت حال ہمیشہ جیسی ہی رہی۔ صائم ایوب 87 کے مجموعی سکور پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو فخر زمان اور بابر اعظم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رکے۔
فخر زمان 45 اور بابر اعظم صرف سات رنز ہی بنا سکے۔ ان کے بعد سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے عمدہ شراکت داری قائم کی اور ٹیم کو مشکل سے نکالا۔
دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 91 رنز بنائے اور اپنی اپنی نصف سنچریاں سکور کیں۔ تاہم جیسے ہی یہ لگنے لگا کے پاکستان باآسانی یہ میچ جیت جائے گا اسی لمحے وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں۔
پاکستانی بلے باز غیرضروری شاٹس کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹنے لگے تو جنوبی افریقی ٹیم کی بھی امیدیں جاگ اٹھیں۔
رضوان 55، سلمان آغا 62، حسین طلعت 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حسن نواز، ایک، محمد نواز نو رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس طرح پاکستان نے 264 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستان میں ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم 49ویں اوور میں 263 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین، تین وکٹیں لیں جبکہ صائم ایوب دو، محمد نواز ایک اور کپتان شاہین آفریدی بھی صرف ایک ہی وکٹ لے سکے۔
جنوبی افریقہ کو اوپنرز پریٹوریئس اور ڈی کاک نے 98 رنز کا آغاز فراہم کیا تو لگ رہا تھا کہ مہمان ٹیم 300 کا ہندسہ باآسانی عبور کر لے گی تاہم پاکستانی بولرز نے درمیانی اوورز میں شاندار کم بیک کیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں لیتے رہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پریٹوریئس 57 اور ڈی کاک 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ میتھیو بریٹسکی 42 اور کاربن بوش 41 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سینتھیمبا قیشیلے اور لوہان-ڈرے پریٹوریئس اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں۔
میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کپتان شاہین آفریدی نے اس موقع کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بابر اعظم کا فارم میں واپس آنا ٹیم کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔
سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی جبکہ میچ سے پہلے دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس سیشنز کیے۔
اقبال اسٹیڈیم میں آخری انٹرنیشنل میچ 2008 میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے، جو دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہے۔ یہ ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ بھی رہی۔
پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے لاہور میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 93 رنز سے کامیابی حاصل کی، تاہم دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے راولپنڈی میں 8 وکٹوں سے جیت کر سیریز برابر کر دی۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ جنوبی افریقہ نے پہلا میچ 55 رنز سے جیتا جب کہ پاکستان نے زبردست واپسی کرتے ہوئے اگلے دو میچز جیت کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کی۔