سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف تین او ڈی آئی سیریز اور سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینے کے لیے اتوار کو کپتان چریتھ سالنکا کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر استقبال کیا گیا۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 11 سے 15 نومبر کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹرائنگولر سیریز کا آغاز ہو گا، جس میں پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ زمبابوے کی ٹیم بھی میدان میں اترے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ٹرائنگولر سیریز راولپنڈی اور لاہور میں 17 سے 29 نومبر کے درمیان کھیلی جائے گی۔دونوں سیریز کے لیے حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کی ایک ایک کمپنی لاہور میں تعینات کی جائے گی جبکہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تین تین کمپنیاں راولپنڈی میں تعینات کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر فضائی نگرانی میں معاونت کریں گے جب کہ فوجی دستے آئین کے آرٹیکل 245 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کے تحت تعینات کیے جائیں گے۔
آٹھ سے 30 نومبر تک سکیورٹی کے انتظامات برقرار رہیں گے تاکہ پوری سیریز میں کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے محفوظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔