سیریز تو ہوگی، افغانستان کی جگہ تیسری ٹیم کا فیصلہ جلد ہو جائے گا: پی سی بی

پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان عامر میر نے سہ فریقی سیریز سے افغانستان کے باہر ہونے کی تصدیق کی ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے کھلاڑی شارجہ میں 29 اگست 2025 کو ہونے والے ٹرائی سیریز کے ٹی20 میچ کے اختتام پر ایک دوسرے سے مصافحہ کر رہے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حالیہ جھڑپوں کے بعد افغانستان کے سہ فریقی سیریز سے باہر ہونے پر کہا ہے کہ تیسری ٹیم کا فیصلہ جلد کر لیا جائے اور یہ سیریز منصوبے کے مطابق ہو گی۔

سرکاری ویب سائٹ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان عامر میر نے سہ فریقی سیریز سے افغانستان کے نکلنے کی تصدیق کی ہے۔

یہ سہ فریقی سیریز 17 سے 29 نومبر تک پاکستان میں کھیلی جانی ہے جس میں ابتدائی طور پر پاکستان، سری لنکا اور افغانستان شامل تھے۔

تاہم افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ایک پاکستانی حملے میں تین مقامی افغان کرکٹر مارے گئے، جس کے بعد افغانستان اگلے ماہ پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ ہونے والی سہ فریقی سیریز سے الگ ہوا رہا ہے۔‘

پاکستان کے سکیورٹی حکام نے جمعے کی شب ایک بیان میں بتایا تھا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے اندر متعدد حملوں کے بعد پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی میں قبائلی اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان سے متصل افغانستان کے سرحدی علاقوں میں عسکریت پسند تنظیم حافظ گل بہادر گروپ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے، جس میں گل بہادر گروپ کی قیادت سمیت 70 سے زائد عسکریت پسند مارے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’پاکستانی حملے میں مارے جانے والوں میں تین مقامی کرکٹرز بھی شامل تھے۔‘

بورڈ کا کہنا تھا کہ وہ اسے ’افغانستان کی کھیل برادری، اس کے کھلاڑیوں اور کرکٹ خاندان کے لیے ایک بڑا نقصان‘ سمجھتا ہے اور لواحقین کے لیے ’گہرے تعزیتی جذبات اور یکجہتی‘ کا اظہار کرتا ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ اس نے آئندہ ماہ کی سہ ملکی سیریز سے دستبردار ہونے کا فیصلہ ’متاثرین کے احترام میں‘ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے افغانستان کے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز تو پلان کے مطابق ہو گی۔

عامر میر نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کو بتایا کہ ’سیریز ہو گی۔ افغانستان کی جگہ تیسری ٹیم کا فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ