انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے افتتاحی میچ سے قبل آسٹریلیا کو ایک اور دھچکہ لگ گیا کیوں کہ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ ہفتے کو ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
کپتان پیٹ کمنز کے بعد جوش ہیزل کے بھی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کا بولنگ اٹیک مزید کمزور ہو گیا ہے۔
ہیزل ووڈ بدھ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران ممکنہ طور پر ہیمسٹرنگ انجری کے معائنے کے لیے ہسپتال گئے تاہم شروع میں انہیں کھنچاؤ سے کلیئر قرار دے دیا گیا اور وہ ایشیز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے پرتھ جانے والے تھے۔
تاہم بعد کے ٹیسٹوں نے 34 سالہ کھلاڑی کی ہیمسٹرنگ انجری کی تصدیق کر دی اور اب ان کی جگہ مائیکل نیسر کھیلیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے ایک بیان میں کہا کہ ’ابتدائی امیجنگ بعض اوقات کم درجے کی مسل انجری کو کم کر کے دکھا سکتی ہے۔ اسی وجہ سے ہیزل ووڈ پرتھ کا سفر نہیں کریں گے اور انہیں پہلے ایشیز ٹیسٹ میچ سے باہر قرار دے دیا گیا ہے۔
’مائیکل نیسر کو پہلے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلوی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ نیسر کو ہیزل ووڈ اور شان ایبٹ کے کور کے طور پر بلایا گیا ہے۔‘
آل راؤنڈر نیسر آسٹریلیا کے لیے دو ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں، جن میں دسمبر 2021 میں انگلینڈ کے خلاف 275 رنز اور دسمبر 2022 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 419 رنز سے فتح شامل ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں سات وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ہیزل ووڈ کی انجری کے بعد امکان ہے کہ 31 سالہ برینڈن ڈوگیٹ، جو ابھی تک ٹیسٹ نہیں کھیلے، پرتھ میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کریں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انگلینڈ کے لیے ریلیف
دوسری طرف، انگلینڈ نے سکھ کا سانس لیا جب بڑے فاسٹ بولر مارک ووڈ کو ہیمسٹرنگ انجری سے کلیئر قرار دے دیا گیا۔
فاسٹ بولر ووڈ نے جمعرات کو ایشیز کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ الیون کی جانب سے سیکنڈ سٹرنگ انگلینڈ لائنز کے خلاف آٹھ اوور کرانے کے بعد ہیمسٹرنگ میں کھچاؤ کی شکایت کی اور میدان چھوڑ دیا۔
انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایک بیان میں کہا کہ ’جمعے کو احتیاطی سکین کے بعد انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ کو ان کے بائیں ہیمسٹرنگ سے متعلق کسی بھی تشویش سے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔
’امید نہیں ہے کہ وہ آج، پرتھ کے لائلک ہل پارک میں لائنز الیون کے خلاف انگلینڈ کے وارم اپ میچ کے تیسرے دن، کھیلیں گے۔ ووڈ پہلے ٹیسٹ سے قبل پرتھ میں طے شدہ منصوبے کے مطابق اپنی ٹریننگ جاری رکھیں گے۔‘