لاہور قلندرز نے پیر کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے ساتھ اپنے فرنچائز معاہدے میں مزید 10 سال کی توسیع کر دی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اس موقعے پر کہا کہ لاہور قلندرز کی معاہدے کی تجدید پی ایس ایل پر ان کے بھرپور اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قلندرز کے مالکان نے اپنی فرنچائز کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط برانڈ میں تبدیل کیا جو لیگ کی مجموعی ساکھ اور مارکیٹ ویلیو کے لیے انتہائی اہم ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو سلمان نصیر نے بتایا کہ پی ایس ایل آئندہ سال اپنے 11ویں ایڈیشن سے آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہو جائے گی جس سے لیگ کے دائرہ کار اور مسابقت میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں نے لاہور قلندرز کے جذبے اور توانائی کو پی ایس ایل کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ قلندرز کی ٹیلنٹ نرسری نے پاکستان کرکٹ کو نیا خون فراہم کیا جو مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے بھی قیمتی اثاثہ ثابت ہو گا۔
لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں گذشتہ چار برسوں کے دوران تین ٹائٹل اپنے نام کیے۔
پی سی بی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ مضبوط اور طویل المدتی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ پاکستان کرکٹ اور پی ایس ایل کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔