پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ دو نئی پی ایس ایل فرنچائز ٹیموں کی ویلیوایشن رپورٹس پی سی بی کو موصول ہو گئی ہیں اور ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹینڈر کا عمل شروع کیا جائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ نئی فرنچائزز خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں کو نئی ٹیموں کے لیے جن شہروں کے ناموں کا انتخاب کیا جائے گا ان میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان نشستوں سے فرنچائزوں کو ویلیوایشن کے طریقہ کار کا جائزہ لینے اور اپنے کسی بھی سوال پر بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔
پی سی بی کی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام شراکت داروں کے ساتھ منصفانہ، شفاف اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات برقرار رکھے جائیں گے کیوں کہ یہ لیگ پاکستان کرکٹ کی ترقی اور عالمی سطح پر پہچان میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
شائقینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ نئے مجوزہ شہروں میں پنجاب کے تین شہر شامل ہیں لیکن خیبر پختونخوا سے کسی شہر کا انتخاب نہیں کیا گیا۔ پشاور کی ٹیم پی ایس ایل میں شامل تو ضرور ہے مگر وہاں سکیورٹی صورتِ حال کی وجہ میچ نہیں کھیلے جاتے، جس کی وجہ سے صوبے کے عوام کرکٹ دیکھنے سے محروم ہیں۔
پاکستان سپر لیگ ملک کی فلیگ شپ کرکٹ لیگ ہے، جس کا آغاز 2015 میں ہوا تھا اور اب تک اس کے دس سیزن منعقد کیے جا چکے ہیں۔
لیگ کی ابتدا پانچ ٹیموں سے ہوئی تھی، جن میں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل تھیں۔ 2018 میں اس میں ملتان سلطانز کا اضافہ کر دیا گیا۔
اب تک کی کامیاب ترین ٹیمیں اسلام یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ہیں اور دونوں نے اب تک تین تین بار یہ ٹائٹل جیتا ہے۔