پی ایس ایل ’صرف لاہور نہیں لاہوریے‘ بھی جیت گئے: سوشل میڈیا

فائنل میچ کے دوران رنگا رنگ میوزیکل پرفارمنس بھی دیکھی گئی اور میچ کے اختتام پر آتش بازی کا ایسا مظاہرہ ہوا جو یقیناً امرتسر تک دیکھا گیا ہو گا۔

25 مئی، 2025 کی اس تصویر میں پاکستان سپر لیگ 10 کے لاہور میں ہونے والے فائنل کے بعد آتش بازی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ لاہور قلندرز کے کھلاڑی جیت کا جشن منا رہے ہیں(اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل تو لاہور قلندرز نے جیت لیا لیکن سوشل میڈیا صارفین ابھی تک گذشتہ رات کے مقابلے کے نشے سے باہر نہیں آ رہے اور اس جیت پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔  

پاکستان اور انڈیا کے درمیان چار روزہ کشیدگی کے دوران پاکستان سپر لیگ تعطل کا شکار رہی۔ کشیدگی میں کمی کے بعد پی ایس ایل کا دوبارہ آغاز ہوا تو یوں محسوس ہو رہا تھا، جیسے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے سیدھی ٹرافی تک جا پہنچے گی۔ لیکن ہوا کچھ اور ہی۔

ٹورنامنٹ میں ملی جلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لاہور قلندرز ایلیمینیٹر جیت کر فائنل تک پہنچی تو مقابلہ کوئٹہ کی دوسری پی ایس ایل ٹرافی اور لاہور کی تیسری ٹرافی کے درمیان تھا۔

میچ شروع ہوا تو میدان کے اندر تو شاندار کھیل دیکھنے میں آیا ہی لیکن میدان کے باہر سٹیڈیم کی حدود میں جس جوش و جذبے کا مظاہرہ دیکھا گیا، اس پر ’ہاؤس فل‘ کے اعلان نے مہر ثبت کر دی۔

فائنل میچ کے دوران رنگا رنگ میوزیکل پرفارمنس بھی دیکھی گئی اور میچ کے اختتام پر آتش بازی کا ایسا مظاہرہ ہوا جو یقیناً امرتسر تک دیکھا گیا ہو گا۔

اسی صورت حال پر سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہے اور کئی دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آئے۔

ایسا ہی ایک تبصرہ حسن خان نامی صارف نے لکھا کہ ’آج صرف لاہور نہیں بلکہ لاہوریے بھی جیت گئے۔‘

بطوطہ نامی صارف نے قلندرز کے کھلاڑی سکندر رضا کی وننگ شاٹ کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مقدر کا سکندر۔‘

شاہ نواز خان نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ ’ایک بھرے ہوئے قدافی سٹیڈیم کے سامنے کیا شاندار فائنل میچ تھا۔‘

عاطف نواز نامی صارف نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوآموز کھلاڑی حسن نواز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’حسن نواز نے ایک اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 21 گیندوں پر نصف سینچری۔ ان کے لیے یہ اچھا ٹورنامنٹ رہا ہے۔ ہر اننگز کے ساتھ وہ اچھی کارکردگی دکھاتے جا رہے ہیں۔ ان پر محنت کی جانی چاہیے۔‘

ایک اور پوسٹ میں عاطف نواز نے لکھا کہ ’پی ایس ایل میں بہت پرجوش فائنل دیکھنے کو ملتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل