اسلام آباد میں پولیس نے ہفتے کو بتایا کہ کیپیٹل ڈیولمپنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ایک مرکز سے کتے زبردستی لے جانے کے مقدمے میں ٹی وی اینکر پریشے خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان تقی جواد نے پریشے کو جیل بھیجے جانے اور تین دیگر افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا اگر کتوں کو سی ڈی اے شیلٹر سے اجازت کے بغیر لے جانا ’قانونی ہوتا تو ادارہ استغاثہ کیوں دیتے؟‘
اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں ڈاگ سینٹر ترلائی سے بڑی تعداد میں کتوں کی مبینہ چوری، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت کے الزامات پر پریشے سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ڈاگ سینٹر کے سکیورٹی گارڈ کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 19 دسمبر، 2025 کو رات تقریباً ایک بجے پیش آیا، جب تین گاڑیوں میں سوار افراد مبینہ طور پر زبردستی ڈاگ سینٹر کے اندر داخل ہوئے اور 50 سے 60 کتوں کو گاڑیوں میں لوڈ کر کے لے جانے لگے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ اطلاع ملنے پر ڈاگ سینٹر کے سینیئر سکیورٹی انچارج ذوالفقار علی موقع پر پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ ملزمان نے نہ صرف سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالی بلکہ ایک شیڈ اور دیوار کو بھی نقصان پہنچایا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس کے مطابق ملزمان کے پاس سینٹر میں داخلے کے لیے کوئی اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزمان مبینہ طور پر یہ کتے حویلیاں، ہری پور اور ایبٹ آباد منتقل کرنے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن پولیس نے موقعے پر پہنچ کر ملزمان، چوری شدہ کتوں اور استعمال ہونے والی گاڑیوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔
انڈپینڈنٹ اردو نے سی ڈی اے سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا۔ تاہم خبر کی اشاعت تک ان کا جواب موصول نہیں ہوا۔
ماضی میں ہم ٹی وی اور خیبر ٹی وی پر بطور اینکر خدمات انجام دینے والی پریشے خان آوارہ کتوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے جانی جاتی رہی ہیں۔
اس مقصد کے لیے وہ متعدد ویڈیوز بھی بنا چکی ہیں اور انہیں کتوں کی دیکھ بھال کے لیے عطیات بھی موصول ہوتے رہے ہیں۔