لندن میں کبوتروں کو دانہ ڈالنے پر خاتون گرفتار

برطانوی دارالحکومت کے علاقے ہیرو کی مقامی کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خاتون پرندوں کو دانہ ڈالنے سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئیں۔ 

اس ویڈیو سکرین گریب میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کو پولیس اہلکاروں نے حراست میں لے رکھا ہے (سکرین گریب/ فار فیڈنگ برڈ یوٹیوب)

لندن میں کبوتروں کو دانہ ڈالنے والی ایک خاتون کو گرفتار کر کے ہتھکڑی لگا دی گئی۔ یہ ’مضحکہ خیز‘ منظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بدھ کو لندن کے علاقے ہیرو میں کم از کم چھ پولیس اہلکاروں اور کونسل ورکرز پر مشتمل ایک گروپ، 40 سال سے زیادہ عمر کی ایک خاتون کو حراست میں لے رہا ہے۔

ایک راہگیر کی بنائی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویلڈسٹون ہائی سٹریٹ پر دوپہر ڈھائی بجے کے قریب جب خاتون کو ہتھکڑی لگائی گئی تو وہ شدید پریشان دکھائی دے رہی تھیں۔ ان کی جیبوں کی تلاشی لی گئی۔ بعد ازاں دو اہلکار انہیں اپنے ساتھ لے گئے اور پولیس وین میں بٹھا دیا۔

ویڈیو بنانے والے شخص کو اس منظر پر بار بار اپنے شدید غصے کا اظہار کرتے سنا جا سکتا ہے، جبکہ دیگر راہگیر بھی اس واقعے پر سوال اٹھاتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں، جن میں سے ایک کا کہنا تھا کہ ’یہ مضحکہ خیز بات ہے۔‘

مقامی کونسل کا کہنا ہے کہ خاتون ’پرندوں کو دانہ ڈالنے سے متعلق پبلک سپیسز پروٹیکشن آرڈر (پی ایس پی او) کی خلاف ورزی‘ کی مرتکب ہوئیں، جس پر انہیں 100 پاؤنڈ جرمانہ کیا گیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 پی ایس پی او کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو 100 پاؤنڈ کا مقررہ جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے، بصورت دیگر اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب انہوں نے اہلکاروں کے پوچھنے پر ’بار بار اپنی ذاتی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا،‘ جو ایک جرم ہے۔

پولیس کے مطابق تفصیلات حاصل ہونے کے بعد خاتون کو چھوڑ دیا گیا اور معاملہ کونسل کے افسروں کے حوالے کر دیا گیا۔

میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان نے کہا کہ ’بدھ سات جنوری کو دوپہر ڈھائی بجے کے قریب، ہیرو کی ویلڈسٹون ہائی سٹریٹ پر سماجی اصولوں کے منافی رویے کے ایک واقعے سے نمٹنے والے کونسل کے انفورسمنٹ افسروں نے پولیس اہلکاروں سے رابطہ کیا۔

’40 سال سے زیادہ عمر کی خاتون سے بار بار اپنا نام اور پتہ بتانے کو کہا گیا تاکہ انہیں جرمانے کا نوٹس جاری کیا جا سکے۔ افسروں کے ساتھ تقریباً 20 منٹ تک بات چیت کے بعد بھی انہوں نے اپنی ذاتی تفصیلات فراہم کرنے سے مسلسل انکار کیا۔

’خاتون کو پولیس ریفارم ایکٹ کی دفعہ 50 کی خلاف ورزی کے شبہ میں گرفتار کیا گیا، جس کے تحت لوگوں کے لیے لازمی ہے کہ جب پولیس ان سے نام اور پتہ دریافت کرے تو وہ فراہم کریں۔ بعد ازاں ان کی تفصیلات حاصل کر لی گئیں، جس پر ان کی گرفتاری ختم کر دی گئی اور معاملہ کونسل کے افسروں کے سپرد کر دیا گیا۔‘

ہیرو کونسل کے ترجمان کا کہنا تھا: ’یہاں پرندوں کو دانہ ڈالنے سے متعلق پبلک سپیسز پروٹیکشن آرڈر (پی ایس پی او) کی خلاف ورزی کی گئی۔

’خاتون نے اپنی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا، جو ایک جرم ہے اور منع کیے جانے کے باوجود کبوتروں کو دانہ ڈالنا بند کرنے سے بھی انکار کیا۔

’ہمارے اس آرڈر (پی ایس پی او) کا مقصد اپنی گلیوں اور سڑکوں کو سب کے لیے صاف ستھرا اور محفوظ رکھنا ہے اور جو کوئی بھی ان اصولوں کی خلاف ورزی کرتا پایا جائے گا اسے 100 پاؤنڈ کے مقررہ جرمانے کا نوٹس دیا جائے گا۔‘

© The Independent

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ