ورلڈ کپ سے قبل تیاری: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز

یہ میچز 29 جنوری سے یکم فروری تک لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ 28 جنوری کو لاہور پہنچے گا۔

پاکستان کے شاہین آفریدی 18 نومبر 2024 کو آسٹریلیا کے خلاف ہوبارٹ میں ٹی 20 میچ کے دوران شاٹ کھیلتے ہوئے(فائل فوٹو/ اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ سابق عالمی چیمپیئنز پاکستان اور آسٹریلیا اگلے ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں آمنے سامنے ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی انڈیا اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، اور یہ ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ’پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے جو ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم میچ پریکٹس ثابت ہوں گے۔‘

یہ میچز 29 جنوری سے یکم فروری تک لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ 28 جنوری کو لاہور پہنچے گا۔

پاکستان کو 20 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ کے گروپ اے میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کے ساتھ روایتی حریف انڈیا، امریکہ، نمیبیا اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔

آسٹریلیا گروپ بی میں سری لنکا، آئرلینڈ، زمبابوے اور عمان کے ساتھ مقابلہ کرے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چاروں گروپس سے سرفہرست دو، دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیع احمد نے کہا کہ شائقین آسٹریلیا کے دورے کے منتظر ہیں۔

ان کا کہنا تھا، ’ہم آسٹریلیا کی میزبانی کے لیے پُرجوش ہیں، یہ سیریز پاکستان کرکٹ شائقین کے لیے سال کا شاندار آغاز ثابت ہوگی۔‘

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز شیڈول (لاہور):

29 جنوری: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل
31 جنوری: دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل
1 فروری: تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ