پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کے سنیچر کو کھیلے گئے ایک میچ میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کم ہدف کامیابی سے ڈیفینڈ کرتے ہوئے 232 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
پی ٹی وی نے کراچی میں سوئی نادرن (ایس این جی پی ایل) کے خلاف صرف 40 رنز کا ہدف کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے پریزیڈنٹس ٹرافی کا میچ دو رنز سے جیت لیا۔
فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے اتنے کم ہدف کا کامیاب دفاع کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق اس سے قبل یہ ریکارڈ 1794 سے قائم تھا، جب اولڈفیلڈ نے لارڈز اولڈ گراؤنڈ میں ایم سی سی کے خلاف 41 رنز کا ہدف بچاتے ہوئے چھ رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کراچی میں 40 رنز کا دفاع کرتے ہوئے پی ٹی وی نے ایس این جی پی ایل کی پوری ٹیم کو صرف 37 رنز پر آؤٹ کر کے سنسنی خیز دو رنز کی فتح اپنے نام کی۔
بائیں ہاتھ کے سپنر علی عثمان، جو اس سال قائدِاعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے، نے 9 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاسٹ بولر عماد بٹ نے باقی چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق رواں سال پریزیڈنٹس ٹرافی میں کم سکور والے اور تیزی سے ختم ہونے والے میچز ایک عام رجحان رہے ہیں، اگرچہ اس میچ کی پہلی دو اننگز نسبتاً معمول کے مطابق تھیں۔ پی ٹی وی پہلی اننگز میں 166 رنز پر آؤٹ ہوئی، جس کے جواب میں ایس این جی پی ایل نے 238 رنز بنا کر 72 رنز کی برتری حاصل کی۔
کراچی کی پچز کے تیزی سے خراب ہونے کے باعث جب پی ٹی وی دوسری اننگز میں 111 رنز پر آؤٹ ہوئی تو بظاہر لگ رہا تھا کہ ایس این جی پی ایل فتح کے قریب ہے، تاہم اس کے بعد پی ٹی وی نے ایک حیران کن انداز میں دفاع کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔