آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 36 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ہرارے میں کھیلے جانے والے گروپ سی کے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 174 رنز بنا سکی۔
ویسے تو پاکستان کی پوری اننگز ہی مایوس کن تھی مگر اس کا اختتام انتہائی مایوس کن انداز میں ہوا جب 11ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بلے باز علی رضا ’عجیب و غریب‘ انداز میں رن آؤٹ ہو گئے۔
اس موقع پر پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 37 رنز درکار تھے اور اس کی نو وکٹیں پہلے ہی گر چکی تھیں۔ ایسے میں مومن قمر جو پاکستان کو جیت کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہے تھے نے ایک رن کے لیے شاٹ کھیلی تو کیپر کی طرف دوڑنے والے علی رضا نے اپنا بلا کریز پر رکھتے رکھتے واپس اٹھا لیا۔
انگلش وکٹ کیپر نے موقع سے فائدہ اٹھایا اور انتہائی تیز سے گیند کو پکڑ کر بیلز اڑا دیں۔ اس طرح انگلینڈ اس رن آؤٹ کے ساتھ ہی میچ بھی جیت گیا۔
رن آؤٹ کے ری پلے میں دیکھا جا سکتا تھا کہ علی رضا نے بظاہر خود کو گیند سے بچانے کی کوشش میں بلا پیچھے ہٹا لیا۔ جس پر کامنٹیٹر کو بھی کہنا پڑا کہ ’علی رضا نے بالکل بھی گیم ایورنس کا مظاہرہ نہیں کیا۔‘
اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 210 رنز بنائے تو جواب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز بالکل بھی ویسا نہیں تھا جیسا ان سے امید کی جا رہی تھی، کیونکہ وہ اس ٹورنامنٹ سے قبل ایشیا کپ اور پھر سہ ملکی سریز جیت چکے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سمیر منہاس جو پاکستان کی حالیہ فتوحات میں اہم کردار ادا کر چکے تھے آئی سی سی ورلڈ کپ کا کچھ اچھا آغاز نہ کر سکے اور صرف 10 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی چھ وکٹیں صرف 85 رنز پر ہی گر چکی تھیں جس کے بعد فرحان یوسف اور عبدالسبحان نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 48 رنز بنا کر ٹیم کی امیدیں دوبارہ سے جگا دیں۔
لیکن یہ امیدیں زیادہ دیر قائم نہ رہ سکیں اور کپتان فرحان یوسف 65 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
دوسری جانب انگلینڈ کی اننگز بھی کچھ زیادہ اچھی نہیں تھی اور کیلب فیلکنر سب سے زیادہ 66 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا، عبدالسبحان اور مومن قمر دو، دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جبکہ احمد حسین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا اگلا میچ 19 جنوری کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔