وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے بدھ کو بتایا ہے کہ حج 2025 کے اخراجات میں بچت کے باعث 75 فیصد حجاج کو ساڑھے تین ارب روپے کی واپسی کی گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ ’فی حاجی 12 ہزار سے ایک لاکھ 10 ہزار روپے تک واپس کیے گئے۔‘
سعودی عرب نے 2025 میں پاکستان کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کا کوٹہ مختص کیا تھا، جسے سرکاری اور نجی سکیموں کے درمیان برابر تقسیم کیا گیا تھا۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے ’طویل اور مختصر‘ دورانیے کے پیکجز کی قیمتوں میں کمی کا بھی اعلان کیا تھا، جس کے تحت طویل دورانیے کے حج پیکج کی کل قیمت فی کس 10 لاکھ 50 ہزار جبکہ مختصر دورانیے کے حج پیکج کی کل قیمت 11 لاکھ روپے کر دی گئی تھی۔
سردار محمد یوسف کے مطابق سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے حج 2025 کے دوران پاکستان کو شاندار انتظامات پر ایکسی لینس ایوارڈ دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے بتایا: ’سعودی نائب وزیر حج و عمرہ نے اعلیٰ حکام کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن کا خصوصی دورہ کیا اور ٹیم کو مبارک باد دی۔‘
وزیر برائے مذہبی امور نے بتایا کہ حج 2025 کے دوران ’سعودی عرب کی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق 1 لاکھ 19 ہزار سرکاری اور 60 ہزار نجی عازمین کی رجسٹریشن مکمل کی‘ اور ’پاکستان حج مشن نے خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات کو مسابقتی طریقہ کار کے تحت حتمی شکل دی۔‘
سردار یوسف کے مطابق حج 2025 کے دوران ڈیجیٹل سہولیات اور شفاف نگرانی کے نظام متعارف کروائے گئے۔
’پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے رہنمائی، تربیت، رہائش، پروازوں، خیموں اور مناسک حج سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی گئیں۔‘
اسی طرح ’نجی حج سکیم میں نمایاں اصلاحات متعارف کروائی گئیں، جس سے شکایات میں واضح کمی آئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے بعد کراچی ایئرپورٹ کو بھی روٹ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کیا گیا جبکہ لاہور ایئرپورٹ کی شمولیت کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
وزیر مذہبی امور کے مطابق حج پالیسی 2026 سابقہ اصلاحات کی بنیاد پر ترتیب دی گئی ہے تاکہ لاگت میں کمی اور سہولت میں اضافہ کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت نے حج و عمرہ ایکٹ کے تحت عمرہ رولز 2025 تیار کر کے منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی کو ارسال کیے، جس کے بعد245 عمرہ کمپنیوں کے تصدیق شدہ معاہدے وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے۔
زیارات کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر برائے مذہبی امور نے بتایا کہ ’عراق اور ایران کی زیارات کے لیے سالار سسٹم کو ختم کر کے زیارات گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کا ڈیجیٹل نظام متعارف کروایا جا رہا ہے اور ایک ہزار 413 درخواستوں میں سے 221 کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، جلد ہی یہ تعداد 300 سے تجاوز کر جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زیارات سہولت کے لیے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپ جلد لانچ کی جائے گی۔