لاہور کی تاریخی پرفیوم مارکیٹ، جہاں خوشبو بھی آپ کی مرضی کی

لاہور کی تاریخی پرفیوم مارکیٹ میں رمضان اور عید کے قریب خوشبوؤں کی مانگ عروج پر پہنچ جاتی ہے۔

لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ کے ساتھ واقع تاریخی پرفیوم مارکیٹ میں پرفیومز اور عطر کی سینکڑوں خوشبوئیں دستیاب ہیں۔ 

یہاں دکان دار خریدار کو خوشبو سونگھا کر یا نام بتا کر بالکل اس کی پسند کے مطابق پرفیوم تیار کر دیتے ہیں۔

دنیا بھر میں خوشبو کا استعمال عام ہے۔ امریکہ اور فرانس جیسے بڑے ممالک عالمی معیار کے مہنگے ترین برانڈز بناتے ہیں۔ 

قیمتی پرفیوم عموماً نایاب اجزا، محدود تیاری اور ہیرے، سونے یا خصوصی ڈیزائن والی بوتلوں کی وجہ سے مہنگے ہوتے ہیں۔ 

ان میں استعمال ہونے والی خام خوشبوئیں جیسے اوود، مشک اور طائف کا گلاب دنیا کی مہنگی ترین فریگرنسز میں شمار ہوتی ہیں۔

لاہور پرفیوم مارکیٹ کے تاجر نعمان خان کے مطابق یہاں پرفیوم اور عطر کا خام مال فرانس، دبئی اور دیگر ممالک سے آتا ہے۔ 

ان کے مطابق مارکیٹ میں سینکڑوں اقسام کی خوشبوئیں موجود ہیں اور گاہک کی پسند کے مطابق انہیں ملا کر نئی خوشبو بنائی جاتی ہے۔ 

نئی پرفیوم کمپنیوں کے آنے سے خوشبوؤں کی ورائٹی بھی بڑھتی جا رہی ہے۔

نعمان خان کے مطابق ’ہمارے پاس خالی بوتلیں، سپرے فوارے اور دیگر پیکنگ بھی موجود ہوتی ہے۔ بعض کیمیکلز ایسے بھی ہیں جو تیل کو پرفیوم میں تبدیل کر دیتے ہیں، اس لیے خریدار اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق خوشبو لے جاتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک اور تاجر محمد عادل کہتے ہیں کہ مارکیٹ میں زیادہ تر تیار شدہ خوشبو آتی ہے، مگر گاہک کی فرمائش پر اسی خوشبو سے ملتی جلتی فریگرنس کم قیمت میں تیار کر دی جاتی ہے۔

’لاکھوں روپے کے پرفیوم جیسی خوشبو ہم چند ہزار میں بنا دیتے ہیں، تاہم معیار اصل پرفیوم جیسا نہیں ہو سکتا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ خوشبو کسی ایک کمپنی کی ملکیت نہیں، اصل فرق صرف معیار کا ہوتا ہے، چاہے قیمت زیادہ ہو یا کم۔

خریداروں کے مطابق یہاں خوشبو لگانے کا شوق کم خرچ میں پورا ہو جاتا ہے۔ اپنی من پسند مہک مناسب قیمت پر تیار کرائی جا سکتی ہے، اس لیے مہنگے برانڈ خریدنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

رمضان اور عید کے دنوں میں خصوصاً خریداروں کا رش بڑھ جاتا ہے اور عطر و پرفیوم کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل