چار فریقی اجلاس: مصر اور ترکی کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے

مصر کے وزیرخارجہ بدر عبدالعاطی اور ترکی کے وزیرخارجہ حاقان فیدان چار فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔

28 مارچ، 2026 کی اس تصویر میں ترکی کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کو پاکستان پہنچنے پر ایئرپورٹ پر استقبال وفد سے ملتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے(دفتر خارجہ پاکستان)

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ کا آج 28واں دن ہے۔

 امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔

اس جنگ کی تازہ ترین اپ ڈیٹس۔

 


رات 11 بج کر 58 منٹ

ایران نے مزید 20 پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی: وزیر خارجہ پاکستان

پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہفتے کو کہا ہے کہ ایرانی حکومت نے پاکستانی پرچم کے تحت مزید 20 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر روز دو جہاز آبنائے ہرمز سے گزریں گے۔

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’یہ ایران کی جانب سے ایک مثبت اور تعمیری اقدام ہے، جسے سراہا جانا چاہیے۔ یہ امن کی جانب ایک اہم اشارہ ہے اور خطے میں استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔‘

’یہ مثبت اعلان امن کی طرف ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے اور اس سمت میں ہماری مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔‘


رات 11 بج کر 55 منٹ

ترکی کے وزیر خارجہ حاقان فیدان بھی پاکستان پہنچ گئے

پاکستان کے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق ترکی کے وزیرخارجہ حاقان فیدان چار فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے  ہفتے کی شب اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان سے قبل مصر کے وزیر خارجہ بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ سعودی وزیر خارجہ کی آمد بھی جلد متوقع ہے۔

اس اجلاس کی صدارت پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے۔

اجلاس میں پاکستان اور مصر کے علاوہ سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوں گے۔


رات 11 بج کر 30 منٹ

جنوبی لبنان میں حملوں میں نو طبی کارکن جان سے گئے: عالمی ادارہ صحت

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عالمی ادارہ صحت  نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ جنوبی لبنان میں صحت کے مراکز پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں نو  پیرا میڈکس جاں سے گئے جبکہ سات دیگر زخمی ہو گئے۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گیبریئسز نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ یہ واقعات پانچ مختلف دیہات میں طبی ٹیموں کو نشانہ بنانے والے پانچ الگ حملوں میں پیش آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان مسلسل حملوں کے باعث جنوبی لبنان میں صحت کی سہولیات شدید متاثر ہوئی ہیں۔

بیان کے مطابق اس وقت تک چار اسپتال اور 51 بنیادی صحت مراکز بند ہو چکے ہیں، جبکہ کئی دیگر طبی مراکز محدود صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ صحت کے نظام پر یہ دباؤ انسانی بحران کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔

آج ہی جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے میں تین لبنانی صحافی بھی جان سے گئے، جب کہ لبنانی صدر نے صحافیوں پر حملے کو جرم قرار دیا ہے۔


رات 10 بج کر 45 منٹ

مشرق وسطیٰ صورت حال پر اجلاس: مصری وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے

پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی پاکستان میں چار فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے ہفتے کی شب اسلام آباد پہنچ گئے۔

اس اجلاس کی صدارت پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے۔

اجلاس میں پاکستان اور مصر کے علاوہ سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوں گے۔


رات 10 بج کر 15 منٹ

ترکی کے وزیر خارجہ اسلام آباد اجلاس میں شرکت کریں گے: ترکی وزارت خارجہ

ترکی کی وزارت خارجہ نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترک وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان علاقائی صورت حال پر 29 اور 30 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔


رات 8  بج کر 35منٹ

انڈیا اپنی سرحدوں کے اندر اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنائے: پاکستانی وزارت خارجہ

پاکستانی دفتر خارجہ نے ہفتے کو انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جسوال کے حالیہ بیان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان انڈیا پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے ملک کے اندر موجود سنگین اور خدشات کو دور کرے اور مسلمانوں، مسیحیوں اور دیگر اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔‘

پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’انڈیا کو چاہیے کہ وہ اپنی آئینی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔ انڈیا کو بلا جواز اور سیاسی مقاصد پر مبنی بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے۔‘


رات 8  بج کر 15 منٹ

ابوظبی میں ایرانی حملے سے ایمرٹس گلوبل ایلومینیم کی تنصیبات کو نقصان

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایمرٹس گلوبل ایلومینیم نے ہفتے کو بتایا ہے کہ کہ ابو ظبی میں واقع اس کی الطویلہ پروڈکشن سہولت کو ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران ’نمایاں نقصان‘ پہنچا ہے۔

کمپنی کے بیان کے مطابق یہ حملے خلیفہ اکنامک زون میں کیے گئے، جہاں اس کی اہم صنعتی تنصیبات موجود ہیں۔

ای جی اے نے مزید بتایا کہ حملوں کے نتیجے میں اس کے چند ملازمین زخمی ہوئے ہیں، تاہم کسی کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نقصانات کا جائزہ تاحال جاری ہے اور صورت حال کا مکمل اندازہ لگایا جا رہا ہے۔


شام 7 بج کر 15 منٹ

یمن کے حوثیوں کا اسرائیل پر بلیسٹک میزائل سے حملوں کا اعلان

یمن کے حوثیوں نے آج اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے، حوثیوں کے فوجی ترجمان نے ہفتے کو المسیرہ چینل پر حملے کا اعلان کیا۔

ایران پر حالیہ جنگ کے دوران یہ اسرائیل کے خلاف حوثیوں کا پہلا حملہ ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ اسرائیل کو ایران سے جنگ کے دوران یمن سے حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جمعے کو حوثیوں کے فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے ایک پہلے سے ریکارڈ شدہ بیان جاری کیا، جس میں باغیوں کے ایران کی حمایت میں جنگ میں شامل ہونے کے کئی ممکنہ طریقے بیان کیے گئے۔ 

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق حوثیوں کی اس جنگ میں شمولیت وسیع تر علاقائی تصادم کے خدشات بڑھا دے گی، خصوصاً اس لیے کہ حوثیوں کی صلاحیت یمن سے بہت دور تک اہداف کو نشانہ بنانے اور عرب جزیرہ نما اور بحیرہ احمر کے اردگرد بحری تجارتی راستوں میں خلل ڈالنے کی ہے۔


شام 7 بج کر 05 منٹ

اسحاق ڈار اور انڈونیشیا کے وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

پاکستانی دفتر خارجہ نے ہفے کو بتایا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آج انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سوگیونو سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہیں گے۔


شام 6 بج کر 15 منٹ

لبنان میں میڈیا کی گاڑی پر اسرائیلی حملے میں تین صحافی جان سے گئے

خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ ہفتے کو جنوبی لبنان میں میڈیا کی ایک گاڑی پر اسرائیلی حملے میں کم سے کم تین لبنانی صحافی جان سے گئے۔

رپورٹ کے مطابق حملہ ایک ایسی گاڑی پر کیا گیا جو میڈیا سے وابستہ تھی، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جاں سے جانے والے صحافیوں میں چینل المنار کے صحافی علی شعیب اور المیادین ٹی وی کی رپورٹر فاطمہ فتوني شامل ہیں۔ ان کے ساتھ فاطمہ فتوني کے بھائی، جو ایک کیمرہ مین تھے، بھی اس حملے میں مارے گئے۔

دونوں میڈیا اداروں نے اپنے صحافیوں کی اسرائیلی حملے میں موت کی تصدیق کی ہے۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے اس اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جرم قرار دیا ہے۔

دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا اور نہ ہی حملے سے متعلق جاری خبروں پر تبصرہ کیا ہے۔


دن 3 بج کر 48 منٹ

سلامتی اور ڈیویلپمنٹ چاہتے ہیں تو دشمنوں کو اپنی سرزمین سے جنگ نہ کرنے دیں: ایرانی صدر کا پیغام

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے کے دیگر ممالک کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی اور ڈیویلپمنٹ چاہتے ہیں تو دشمنوں کو اپنی سرزمین سے جنگ نہ کرنے دیں۔

ہم نے کئی بار کہا ہے کہ ایران پہلے سے حملے نہیں کرتا، لیکن اگر ہمارے بنیادی ڈھانچے یا اقتصادی مراکز کو نشانہ بنایا گیا تو ہم سخت جوابی کارروائی کریں گے۔

خطے کے ممالک کے لیے: اگر آپ ترقی اور سلامتی چاہتے ہیں تو ہمارے دشمنوں کو اپنی سرزمین سے جنگ نہ کرنے دیں۔


دن 2 بج کر 30 منٹ

شہباز شریف کا ایرانی صدر سے ایک گھنٹے سے زیادہ فون رابطہ: کشیدگی کے خاتمے پر گفتگو

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتے کو ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس تفصیلی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

بیان کے مطابق شہباز شریف نے ایرانی صدر کو اپنی، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے جاری سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد امریکہ، برادر خلیجی اور اسلامی ممالک کو مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے متحرک کرنا ہے۔

وزیراعظم نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں، خصوصاً گذشتہ روز شہری انفراسٹرکچر پر ہونے والے تازہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ان مشکل حالات میں ایران کے بہادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا اور 1900 سے زائد اموات تعزیت بھی کی۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے ایرانی صدر کو پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت سے بھی آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اجتماعی طور پر کشیدگی کے خاتمے کا کوئی قابلِ عمل راستہ نکالا جا سکے گا۔

اس موقع پر بیان کے مطابق ایرانی صدر نے وزیراعظم پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں پر اپنا مؤقف بیان کیا۔

مسعود پزشکیان نے مذاکرات اور ثالثی کو ممکن بنانے کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔


صبح 10 بجے

ابوظبی: میزائل کا ملبہ گرنے سے پانچ افراد زخمی

ابوظبی کے میڈیا آفس نے بتایا کہ بیلسٹک میزائل کو روکے جانے کے بعد گرنے والے ملبے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے جبکہ دو مقامات پر آگ بھڑک اٹھیں۔

ابوظبی حکام خلیفہ اکنامک زونز ابوظبی کے اطراف میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ابوظبی کی اے ڈی پورٹس گروپ کی اقتصادی شہروں اور فری زونز کا حصہ ہے۔ روئٹرز


صبح نو بج کر 10 منٹ

ایران جنگ: یمن سے پہلی بار اسرائیل پر میزائل حملہ

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ یمن نے ہفتے کی صبح اسرائیل کی جانب ایک میزائل داغا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ اسرائیل کو ایران سے جنگ کے دوران یمن سے حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بیئرشبع اور اسرائیل کے مرکزی جوہری تحقیقاتی مرکز کے قریب تیسری مرتبہ سائرن بجے کیونکہ ایران اور حزب اللہ رات بھر اسرائیل پر فائرنگ جاری رکھے ہوئے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے 2014 سے یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے فوری طور پر اسرائیل پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

حوثی اس جنگ میں اب تک شامل نہیں ہوئے تھے۔ حوثی اس سے قبل اسرائیل پر ڈرون حملے بھی کر چکے ہیں۔

اسرائیل نے جمعے کو ایران کو دھمکی دی تھی کہ وہ اپنے حملوں کو ’بڑھائے اور پھیلائے‘ گا، جس کے چند گھنٹے بعد ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ ہوا۔

جمعے کو حوثیوں کے فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے ایک پہلے سے ریکارڈ شدہ بیان جاری کیا، جس میں باغیوں کے ایران کی حمایت میں جنگ میں شامل ہونے کے کئی ممکنہ طریقے بیان کیے گئے۔ 

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق حوثیوں کی اس جنگ میں شمولیت وسیع تر علاقائی تصادم کے خدشات بڑھا دے گی، خصوصاً اس لیے کہ حوثیوں کی صلاحیت یمن سے بہت دور تک اہداف کو نشانہ بنانے اور عرب جزیرہ نما اور بحیرہ احمر کے اردگرد بحری تجارتی راستوں میں خلل ڈالنے کی ہے۔


صبح آٹھ بجے

اقوام متحدہ کی آبنائے ہرمز کے لیے ٹاسک فورس قائم

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینتونیو گوتیرش نے آبنائے ہرمز میں کھاد (فرٹیلائزر) کی ترسیل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک بین الادارہ جاتی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔

اس بات کا اعلان اقوام متحدہ کے سیکریٹری کے ترجمان سٹفین ڈوجارک نے جمعے کو ایک بیان میں کیا۔

ڈوجارک کا کہنا ہے ’مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعے اور اس کے مزید شدت اختیار کرنے کے خدشات کے پیش نظر، آبنائے ہرمز کے ذریعے سمندری تجارت میں خلل پیدا ہونے کا خطرہ ہے، جو آنے والے مہینوں میں انسانی ضروریات اور زرعی پیداوار پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔ 

’ان نتائج کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’یہ خصوصی ٹاسک فورس تکنیکی طریقۂ کار تیار کرنے اور تجویز کرنے پر کام کرے گی تاکہ آبنائے ہرمز کے ذریعے کھاد اور اس سے متعلقہ خام مال کی ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔‘


صبح چھ بج کر 50 منٹ

پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکی میں بات چیت اس ہفتے پاکستان میں ہو سکتی ہے: انقرہ

انقرہ نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکی کے درمیان ایران جنگ سے متعلق بات چیت اس ہفتے کے آخر میں پاکستان میں ہو سکتی ہے۔

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے نجی نشریاتی ادارے خبر سے گفتگو میں کہا ’ابتدا میں ہم نے یہ اجلاس ترکی میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا تھا… تاہم، چونکہ ہمارے پاکستانی ہم منصبوں کو اپنے ملک میں ہی رہنا ضروری ہے، اس لیے ہم نے اجلاس کو پاکستان منتقل کردیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’یہ ممکن ہے کہ ہم اس ہفتے کے آخر میں وہاں ملاقات کریں۔‘

انقرہ کے اعلیٰ سفارت کار کے مطابق ان مذاکرات میں چار مسلم اکثریتی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔


صبح چھ بج کر 30 منٹ

ایران کا سعودی عرب میں اڈے پر حملہ، کم از کم 10 امریکی فوجی زخمی

ایران نے سعودی عرب میں ایک اڈے پر حملہ کیا ہے، جس میں کئی امریکی اہلکار زخمی ہوئے اور طیاروں کو نقصان پہنچا۔

اس حملے سے واقف دو امریکی حکام کے مطابق پرنس سلطان ایئر بیس پر ایرانی حملے میں کم از کم 10 امریکی فوجی زخمی ہوئے۔

ایک اہلکار کے مطابق ان میں سے دو اہلکاروں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

دونوں حکام نے حساس فوجی معاملے پر بات کرنے کے لیے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کی۔ متعدد ایندھن بھرنے والے طیارے بھی متاثر ہوئے۔ اے پی

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا