’تیسری عالمی جنگ رکوانے پر پاکستان نوبیل کا حقدار‘ ایکس پر فیلڈ مارشل، شہباز کی تعریفیں

ایران اور امریکہ میں جنگ بندی کے کردار پر سوشل میڈیا پرصارفین پاکستان کو نوبیل امن انعام کا حقدار قرار دے رہے ہیں۔

یہ ہینڈ آؤٹ تصویر 26 ستمبر، 2025 کو پاکستان کے وزیرِ اعظم  ہاوس نے جاری کی، جس میں پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں خوش گوار دیکھا جا سکتا ہے۔

فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو علی الصبح امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وفود کو 10 اپریل کو اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے مدعو کیا، جس کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خیر مقدم کیا۔

جب دنیا ایک بڑی جنگ کے دہانے پر پہنچ گئی تھی ایسے میں عالمی امن کے لیے پاکستان کے اس کردار کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی صارفین ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے کے ساتھ فخر اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو نوبیل امن انعام کا حقدار قرار دے رہے ہیں۔

اینکر اور کامیڈین شفاعت علی نے امریکہ ایران کے اس تنازع پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا، وہیں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستان نے ممکنہ ایٹمی عالمی جنگ کو روک دی۔‘

مشہور گلوکار فرحان سعید نے بھی اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے امید ظاہر کی کہ مستقل جنگ بندی قائم ہو جائے گی جبکہ یہ سوال بھی اٹھایا کہ پاکستان کو کبھی نوبیل امن انعام کیوں نہیں مل سکتا؟

میزبان مزمل شاہ نے بھی اپنے ایکس اکاونٹ پر لکھا کہ ’چونکہ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا تھا، اس لیے پاکستانیوں نے شاید نوبیل انعام کو ہی ہدف بنا لیا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی عالمی سطح پر پاکستان کو اتنی اہمیت ملتے نہیں دیکھا۔‘

فیصل وڑائچ نے لکھا کہ ’ایران اور امریکہ کی جنگ میں پاکستان جیت گیا۔‘

جبکہ حیدر عباسی نے مزاحیہ انداز میں اس کامیابی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’ٹرمپ کو نامزد کرتے کرتے چچا نے خود ہی نوبیل امن انعام لے لیا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ