چین کے راستے کرغزستان سے سامان کا پہلا ٹرک پاکستان پہنچ گیا

پاکستان نے افغانستان کو بائی پاس کرتے ہوئے ایک نئی تجارتی راہداری کا آغاز کر دیا ہے۔

کرغزستان سے ٹرانزٹ سامان لے کر آنے والا پہلا ٹرک کامیابی سے پاکستان کے سوست ڈرائی پورٹ پہنچ گیا ہے جس سے پاکستان کے لیے افغانستان کے بغیر ایک نئی تجارتی راہداری کا آغاز ہو گیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ٹرانزٹ معاہدے کے تحت این ایل سی کی پارٹنر کمپنی کی پہلی تجارتی کھیپ چین کے راستے کرغزستان سے پاکستان پہنچی ہے۔

خطے کے متعدد ممالک خنجراب پاس اور سوست پورٹ کو ایک قابل اعتماد تجارتی راہداری کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ نئے روٹ کے تحت کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان، قازقستان اور ازبکستان کو کراچی بندرگاہ تک براہ راست رسائی میسر ہو گی۔

ان کے مطابق ’اس پیش رفت کے بعد پاکستان وسطی ایشیا کے خشکی میں گھرے ممالک کے لیے ایک تیز، محفوظ اور قابل اعتماد تجارتی راستے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔‘

یہ پہلی بار ہے کہ دولتِ مشترکہ آزاد ریاستوں (سی آئی ایس) کے کسی ملک نے اپنی ٹرانسپورٹ کے ذریعے اس نوعیت کی نقل و حرکت کی ہے۔ یہ اقدام خطے میں تجارت اور رابطہ کاری کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ ترسیل نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کی کرغزستان میں موجود شراکت دار کمپنی کے تعاون سے ممکن ہوئی۔

این ایل سی کے مطابق یہ سنگِ میل مستقبل میں وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔

’اس نوعیت کی ترسیل کو کراچی کی بندرگاہوں تک بڑھانے سے خشکی میں گھرے ممالک کو نئی تجارتی سہولیات میسر آئیں گی اور علاقائی تجارت فروغ پائے گی۔‘

کرغزستان کے وزیرِ خارجہ ژین بیک کلو بایف نے دسمبر 2025 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ریڈیو پاکستان کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اور امید ظاہر کی گئی تھی کہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے سے باہمی تجارت کو 100 ملین ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

پاکستانی ادارہ برائے اطلاعات (پی آئی ڈی) کے مطابق گذشتہ برس اسلام آباد میں منعقد ہوئے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، معیشت، سائنس اور تکنیکی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن (آئی سی جی) کے 5 ویں اجلاس میں پاکستان کے وزیرِ توانائی اویس لغاری نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم مالی سال 2022-23 میں 11.2 ملین ڈالر سے کم ہو کر 2024-25 میں 5.18 ملین ڈالر رہ گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے بین الاقوامی تجارتی ڈیٹا بیس کے مطابق 2025 کے دوران کرغزستان کی پاکستان کو برآمدات 16 لاکھ ڈالر امریکی ڈالر رہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ڈیٹا کے مطابق  2025 میں پاکستان کی کرغزستان کو برآمدات تقریباً 8.56 ملین ڈالر رہیں، جن میں ادویات اور غذائی اشیا کا نمایاں حصہ رہا۔  اہم برآمدی اشیا میں ادویات، گوشت، پھل، خشک میوہ جات، ٹیکسٹائل، ملبوسات وغیرہ شامل ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت