امریکہ ایران جنگ بندی: بحرینی وزیر خارجہ کا جلد دورۂ پاکستان کا عندیہ

دفتر خارجہ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار (بائیں) اور بحرینی وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی (اے ایف پی)

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے کہا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں اسلام آباد کا دورہ کریں گے تاکہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستانی قیادت کی کوششوں پر ذاتی طور پر اظہارِ تشکر کر سکیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا کہ بحرینی وزیر خارجہ نے یہ بات نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہی، جس کے دونوں رہنماؤں نے ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کے بعد خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا۔

امریکہ اور ایران نے رواں ماہ پاکستان کی ثالثی میں ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کیے تھے، جس سے مشرق وسطیٰ پر چھائے جنگ کے بادل چھٹنے کی امید پیدا ہوئی تھی۔ 

بعدازاں دونوں ملکوں کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات ہوئے، جس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور میں ’حوصلہ افزا‘ پیش رفت ہوئی ہے اور فریقین نے 60 دن کے اندر جنگ کے خاتمے کے حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے روڈ میپ پر اتفاق کر لیا ہے۔ 

بحرین کے وزیر خارجہ الزیانی نے مفاہمت کے حصول میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈاکٹر الزیانی کے خیرسگالی کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مکالمے اور سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان متعدد مواقع پر اس عزم کا اظہار کر چکا ہے کہ وہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان