دو مرتبہ کے سابق عالمی چیمپیئن کونور میک گریگر پانچ سال بعد الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپیئن شپ (یو ایف سی) میں واپسی پر صرف 69 سیکنڈ میں شکست کھا گئے۔
دائیں گھٹنے کی انجری کے باعث ہفتے کو ان کا مقابلہ روک دیا گیا۔
لاس ویگاس میں یو ایف سی 329 کے ویلٹر ویٹ مقابلے کے پہلے ہی منٹ میں 37 سالہ آئرش فائٹر میک گریگر تین بار رنگ میں گرے، جس پر ریفری مائیک بیلٹران نے مقابلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
مقابلے کے ابتدائی لمحوں میں میک گریگر نے اچھل کر میکس ہولووے پر راؤنڈ ہاؤس کِک لگانے کی کوشش کی، تاہم زمین پر پاؤں رکھتے ہی ان کے دائیں گھٹنے میں چوٹ آ گئی۔
اس کے بعد وہ مزید دو مرتبہ گرے اور اپنے دائیں گھٹنے کو پکڑ لیا جس پر ریفری نے مقابلہ فوری طور پر روک دیا۔
ہولووے نے مقابلے کے بعد کہا ’میں کیا کہوں؟ میرا خیال ہے میں نے انہیں گھٹنوں سے کمزور کر دیا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا ’اس مقابلے کا بہت چرچا تھا۔ ہمیں ایک بار پھر آمنے سامنے آنا چاہیے۔ اس طرح مقابلے کا ختم ہونا واقعی افسوس ناک ہے۔‘
میک گریگر کوئی تبصرہ کیے بغیر آکٹاگون سے باہر چلے گئے جبکہ ہولووے نے امید ظاہر کی کہ آئرش فائٹر کی انجری زیادہ سنگین نہیں ہوگی۔
ہولووے نے کہا انہیں اس وقت اندازہ ہو گیا تھا کہ ان کے حریف مشکل میں ہیں جب وہ پیچھے ہٹنے لگے۔
انہوں نے کہا ’مجھے فوراً محسوس ہو گیا تھا۔ ان کے رویے میں مکمل تبدیلی آ گئی تھی۔ وہ کہہ رہے تھے، ’لڑو! لڑو!‘ ‘
میک گریگر نے فائٹ کو ’کھیلوں کی تاریخ کی سب سے بڑی واپسی‘ قرار دیا تھا۔
یہ دونوں فائٹرز کے درمیان 2013 میں ہونے والے فیدر ویٹ مقابلے کا ری میچ تھا، جس میں میک گریگر نے متفقہ فیصلے سے کامیابی حاصل کی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
میک گریگر نے 2021 میں امریکی فائٹر ڈسٹن پوئریئر کے خلاف مقابلے میں اپنی بائیں ٹانگ ٹوٹنے کے بعد سے کوئی فائٹ نہیں لڑی تھی۔
اس انجری سے قبل میک گریگر یو ایف سی کے سب سے مقبول اور زیادہ کمانے والے فائٹرز میں شمار ہوتے تھے۔
2016 میں وہ مختلف وزن کے دو عالمی ٹائٹل بیک وقت اپنے نام کرنے والے پہلے فائٹر بنے تھے۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے 2017 میں امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر کے خلاف باکسنگ کے سپر فائٹ میں شکست کے باوجود 100 ملین ڈالر سے زائد معاوضہ حاصل کیا تھا۔
یو ایف سی میں میک گریگر کی آخری فتح جنوری 2020 میں امریکی فائٹر ڈونلڈ سی رون کے خلاف صرف 40 سیکنڈ میں حاصل ہونے والی کامیابی تھی۔
ادھر ایک اور مقابلے میں انگلینڈ کے پیڈی پمبلٹ نے فرانس کے بینوا سینٹ ڈینس کو لائٹ ویٹ فائٹ میں محض 52 سیکنڈ کے اندر سبمیشن کے ذریعے شکست دے دی۔