امریکی فلم ’پیس میکر‘ کے اداکار جان سینا نے کہا ہے کہ ان کا جسم ڈبلیو ڈبلو ای کیریئر ختم کرنے کے لیے ’چیخ رہا‘ ہے۔
تقریباً 25 سال پہلے ایک تقریباً گمنام کھلاڑی کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے 48 سالہ سٹار کے پاس ڈبلیو ڈبلیو ای میں صرف 11 ایونٹس باقی ہیں۔
گذشتہ سال سینا نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2025 کے آخر میں ریسلنگ سے ریٹائر ہو جائیں گے اور اپنے کیریئر کا آخری سال ایک الوداعی ٹور کے طور پر گزاریں گے۔
پہلوان سے اداکار بننے والے سینا نے اعتراف کیا کہ اگرچہ انہوں نے ’شاندار‘ وقت گزارا لیکن اب وہ سمجھتے ہیں کہ ’وقت آ گیا ہے‘ کہ وہ میدان چھوڑ دیں تاکہ اگلی نسل کو آگے بڑھنے کا موقع ملے۔
انہوں نے جمی فیلن سے بات کرتے ہوئے کہا ’میرا ہر حصہ یہ چاہتا ہے (کہ کاش مزید وقت ہوتا) لیکن میرا جسم چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ یہ باب بند کر دو۔
’میں اپنی عمر سے کچھ چھوٹا دکھائی دیتا ہوں لیکن میں 48 سال کا ہوں اور اگلے سال 49 کا ہو جاؤں گا۔ میں شکر گزار ہوں کہ ڈبلیو ڈبلیو ای نے مجھے تقریباً 25 سال دیے کہ میں اپنا کام کروں اور یہ وقت شاندار رہا۔‘
سینا نے بتایا کہ ان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی بڑی وجہ نوجوان ٹیلنٹ کو مواقع دینا ہے۔
انہوں نے کہا ’مجھے یاد ہے جب میں 2002 میں ایک نوجوان کے طور پر آیا تو سوچتا تھا کہ شاید کبھی موقع نہ ملے۔
میں ایک نوجوان اور کامیابی کے لیے بے تاب نسل سے آیا تھا اور اگر اب بھی مزید رہوں تو میں صرف ان نوجوان لڑکوں کا وقت لے رہا ہوں جو اس میں اثر ڈال سکتے ہیں۔ وقت آ گیا ہے دوست، وقت آ گیا ہے۔‘
سینا کے بطور متحرک ریسلر آخری چند میچوں میں آئرلینڈ، فرانس اور آسٹریلیا کا ٹور شامل ہے جبکہ امریکہ میں بھی تین شو ہوں گے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے ذہن میں کوئی مخالف ہے، تو سینا نے اعتراف کیا کہ ان کے ذہن میں (کوئی) نہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا ’میں نے کبھی اس طرح کام نہیں کیا۔ میں ہمیشہ قابل اعتماد رہا ہوں۔ میں آتا ہوں اور وہ کرتا ہوں جو مجھ سے کہا جاتا ہے۔
’میں واقعی چاہتا ہوں کہ یہ ٹور بزنس کے لیے خاص ہو۔ میرا مقصد ہمیشہ یہی رہا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کو اس سے بہتر چھوڑوں جیسا میں نے پایا تھا، اور جسے بھی وہ مناسب سمجھیں، میں خوش ہوں۔‘
اس سال کے اوائل میں سینا نے ریسل مینیا 41 کے مرکزی ایونٹ میں کوڈی روڈز کو شکست دے کر 17 واں ورلڈ چیمپیئن شپ ریکارڈ بنایا تھا۔
حال ہی میں روڈز نے سمر سلیم میں سینا سے چیمپیئن شپ واپس جیت لی، جسے کئی لوگ سینا کے ریٹائرمنٹ دور کا بہترین میچ قرار دیتے ہیں۔
سینا اس وقت اپنے ڈی سی سپر ہیرو شو پیس میکر کے دوسرے سیزن کی تشہیر کر رہے ہیں، جو 21 اگست سے ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔
مصنف اور ہدایت کار جیمز گن نے اشارہ دیا ہے کہ اس سیزن میں ایک ’بہت بڑا‘ کیمیو نظر آئے گا۔
انہوں نے انٹرٹینمنٹ ویکلی کو بتایا ’ہم سیزن کے آخر میں ڈی سی یو اور سپرمین کے دوسرے حصوں سے بہت سے کردار دیکھیں گے۔ ہو سکتا ہے شو کے آخر میں ایک واقعی، واقعی، واقعی بڑا کیمیو ہو۔‘
© The Independent