امریکی پولیس نے یو ایف سی سٹار کونر مک گریگر کو میامی میں مبینہ طور پر ایک مداح کا فون چوری کرنے اور توڑنے پر گرفتار کر لیا۔
دی میامی ہیرالڈ نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مک گریگر پر مسلح ڈکیتی اور مجرمانہ قدم اٹھانے کا چارج عائد کیا ہے۔
یہ واقعہ صبح پانچ بجے میامی نائٹ کلب ایل آئی وی کے باہر اس وقت پیش آیا جب ایک مداح موقع کی تصویریں کھینچ رہا تھا۔
پولیس کے مطابق مک گریگر نے مداح سے فون چھینا اور غصہ میں اسے پاؤں تلے روندھا۔ بعد میں سٹار باکسر نے فون اٹھایا اور چلتے بنے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے سڑک پر نصب نگران کیمرے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد مک گریگر کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا۔
مک گریگر کے وکیل سیموئل رابن نے ہیرالڈ کو ایک بیان میں کہا ان کے موکل ایک فون پر ہونے والے معمولی جھگڑے میں ملوث ہوئے جس پر پولیس بلائی گئی۔
ایک سال سے کم عرصے میں دوسری مرتبہ مک گریگر گرفتار ہوئے ہیں۔
پچھلے سال اپریل نیو یارک میں یو ایف سی 223 میڈیا ڈے کے دوران ایک بس پر کرسیاں اور جنگلہ پھینکنے پر انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔
اس حملے میں یو ایف سی فائٹر مائیکل چیسا سمیت متعدد لوگ زخمی ہو گئے تھے۔