تھائی لینڈ میں فٹ بال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک کھلاڑی جان سے گیا اور 12 زخمی ہو گئے۔ یہ خوف ناک لمحہ کیمرے میں بھی ریکارڈ ہو گیا۔
پولیس کے مطابق منگل کو جنوبی تھائی لینڈ کے شہر سنگائی گولوک کے سانتی پھاپ سٹیڈیم میں آسمانی بجلی میدان پر گری، جس سے 24 سالہ سوفوان آوے شدید زخمی ہو گئے۔
ملائیشین خبر رساں ادارے برناما کے مطابق پولیس سربراہ تھن سری کھنٹ نے بتایا کہ ہنگامی طبی ٹیموں نے انہیں بچانے کی کوشش کی، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے چلے گئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں کئی کھلاڑیوں کے قریب اچانک آسمانی بجلی گرتے اور اس کے بعد زور دار دھماکے کی آواز آتے دیکھی اور سنی جا سکتی ہے۔
سیاہ اور سفید دھاریوں والی شرٹس پہنے سوفوان آوے کے ساتھی فوری طور پر ان کی مدد کے لیے پہنچے، انہیں سیدھا لٹایا اور ان کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی۔
پولیس نے بتایا کہ ایک ملائیشین سمیت 12 کھلاڑی زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ کھلاڑی گولوک ایف اے کپ میں حصہ لے رہے تھے۔ اس مقامی ٹورنامنٹ میں ایماچوئر، تھائی اور ملائیشین ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ منگل کا میچ سیم کولٹس اور ابو ایکس نونگ سرین کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔
ونگر کی حیثیت سے کھیلنے والے صفوان آوے سیم کولٹس کی نمائندگی کر رہے تھے اور انہوں نے حال ہی میں تھائی لینڈ کے تیسرے درجے کے کلب یالا ایف سی سے معاہدہ کیا تھا۔
یالا ایف سی نے سوفوان آوے کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم یالا ایف سی کے نئے کھلاڑی صفوان آوے کے خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تھائی لینڈ میں آسمانی بجلی گرنے سے اموات کے واقعات نئی بات نہیں۔ محکمہ انسداد امراض کے مطابق 2020 سے 2024 کے درمیان ملک بھر میں کم از کم 283 افراد آسمانی بجلی کی زد میں آئے، جن میں سے بہت سے موقعے پر ہی جان سے گئے۔
اس سال مئی میں صوبہ لامپانگ میں ایک جھونپڑی پر آسمانی بجلی گرنے سے انجینیئرنگ کے ایک طالب علم اور ان کی خالہ جان سے چلی گئی تھیں۔
اسی ماہ اس سے پہلے صوبہ اُتھائی تھانی میں آسمانی بجلی گرنے سے 30 سالہ حاملہ خاتون چل بسی تھیں۔ وہ اپنے شوہر کے ساتھ مچھلیاں پکڑ کر واپس آ رہی تھیں۔ آسمانی بجلی گرنے کے وقت دونوں نے ایک درخت کے نیچے پناہ لے رکھی تھی۔
تازہ واقعہ اسی دن پیش آیا جب انڈیا کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 14 افراد جان سے گئے۔ ان میں زیادہ تر کھیتوں میں کام کرنے والے مزدور تھے۔
© The Independent