کیا روحیل حیات کوک سٹوڈیو میں دوبارہ جان ڈال سکیں گے؟

روحیل حیات نے پانچ سال بعد دوبارہ کوک سٹوڈیو کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی ہے، جس سے شائقین کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔ عاطف اسلم کی پہلی پرفارمنس سے بظاہر تو ایسا ہی لگتا ہے۔

عاطف اسلم کا نیا کلام ’وہی خدا ہے‘ سننے والوں میں کافی مقبول ہو رہا ہے(کوک سٹوڈیو/ٹوئٹر)

گذشتہ دو غیر مقبول سیزنز کے بعد پاکستان میں موسیقی کے اہم اور بڑے پلیٹ فارم ’کوک سٹوڈیو‘ کے 12 ویں سیزن کے پہلے گانے نے، جو دراصل نصرت فتح علی خان کے کلام ’وہی خدا ہے‘ کا ری میک ہے، ریلیز کے بعد دھوم مچا دی۔

عاطف اسلم کے اس کلام کو جمعے کو نشر کیا گیا تھا اور صرف دو روز میں یو ٹیوب پر اس کو 66 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ کلام 2015 کے آٹھویں سیزن میں عاطف کی ہی آواز میں قوالی ’تاجدار حرم‘ کا، جس کے صرف یوٹیوب پر 26 کروڑ سے زائد ویوز ہیں، بھی ریکارڈ توڑ دے گا۔

سیزن 12 کے لیے موسیقار اور پروڈیوسر روحیل حیات نے پانچ سال کے وقفے کے بعد دوبارہ کوک سٹوڈیو کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی ہے، جس سے ان شائقین کی امیدیں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں جو گذشتہ دو سیزنز سے مایوسی کا شکار نظر آ رہے تھے۔

سیزن 11 کی باگ ڈور علی حمزہ اور ذوہیب قاضی کے ہاتھ میں تھی جبکہ اس سے پچھلے سیزن میں سٹرنگز کے بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے موسیقی کے ساتھ طبع آزمائی کی تھی جو شائقین کو کچھ خاص پسند نہیں آئی اور وہ شدت سے روحیل کو دوبارہ آن بورڈ لینے کا مطالبہ کر رہے تھے تاکہ اس برانڈ کی ساکھ کو بچایا جا سکے جس نے بھارت سمیت پوری دنیا میں موسیقی کے دیوانوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

روحیل حیات کے چھ کوک سٹوڈیو سیزنز نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ ان ممالک میں بھی انتہائی مقبول ہوئے تھے جہاں اردو زبان بولی جاتی ہے اور نہ ہی سمجھی جاتی ہے۔

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ موسیقی کے دلدادہ بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد ’کوک سٹوڈیو انڈیا‘ کی بجائے ’کوک سٹوڈیو پاکستان‘ کو فالو کرتی ہے جس کا برملا اظہار وہ سوشل میڈیا پر کرتے رہتے ہیں۔

سیزن 12 پاکستان کے بہترین موسیقاروں اور گائیکوں کی ایک بہت بڑی کہکشاں کے ساتھ آرہا ہے۔

کوک سٹوڈیو نے پرموشن ویڈیو میں نئے سیزن کے لیے گلوکاروں کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا ہے جن میں راحت فتح علی خان، عاطف اسلم، صنم ماروی، عمیر جسوال، شہاب حسین، حدیقہ کیانی، شامالی افغان، ایمہ بیگ، زوے وکیجی، علی سیٹھی، شجاع حیدر، ریچل وکیجی، ابرار الحق، فریحہ پرویز، برکت جمال فقیر، کاشف دن، نمرہ رفیق، ساحر علی بگھہ، زیب بنگش، کیو بی، ہر سخیاں، بنورز بینڈ، فرید ایاز اور ابو محمد سمیت دیگر بڑے نام شامل ہیں۔

ان  گلوکاروں اور روحیل حیات کے امتزاج نے سیزن 12 کو ٹوئٹر  پر ٹاپ ٹرینڈ بھی کر دیا۔

ٹی وی کی معروف میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی نے ٹویٹ کیا، ’روحیل حیات نے کر دکھایا۔ ’وہی خدا ہے‘ کے روحانی بول، سکون بخش موسیقی اور خوبصورت آواز۔ یہ عاطف کا اب تک کا بہترین کام  ہے جو نئی تاریخ رقم کرے گا۔ یاد رکھنا۔ نیز نئی نسل کو پیار اور صوفیانہ موسیقی سے متعارف کرانے کا سہرا بھی آپ کے سر جاتا ہے۔‘

 

سلہٹ سے تعلق رکھنے والے عبدالعزیز راکی نے ٹویٹ کیا ’یہ بنگلہ دیش میں پانچویں نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ پچھلے 21 گھنٹوں میں 26 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا گیا اور دو لاکھ 56 ہزار لائکس ملے! عاطف کا جادو جاری ہے!‘

بھارت سے ایک صارف ادارش آریان نے لکھا، ’کوک اسٹوڈیو 12 کا کتنا خوبصورت اور سکون سے بھرا آغاز۔ کامل موسیقی اور کامل آواز کا امتزاج۔ کوک سٹوڈیو 12 میں عاطف اسلم کے اگلے گیت کا منتظر ہوں۔‘

بھارت سے ہی ایک اور صارف محمد تائشین شکیل نے ٹویٹ کیا: ’یہ بھارت میں 15 ویں نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ ہائے عاطف، ہم بھارتی آپ سے بے حد پیار کرتے ہیں۔‘

عبدل نے ایک تصویر جس میں کسی کے رونگٹے کھڑے دکھائی دے رہے، کے ساتھ لکھا: ’وہ لمحہ جب عاطف ’وہی خدا ہے‘ پڑھتے ہیں۔‘

کئی لوگ عاطف کے ری میک کا نصرت فتح علی خان کے اصل کلام سے موازنہ کرتے ہوئے اس کو بھونڈی کوشش بھی قرار دے رہے ہیں۔

فرح اکرم نے لکھا، ’عاطف اسلم کی کوشش اچھی ہے لیکن نصرت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے درمیان کوئی موازنہ نہیں  ... !! نصرت فتح علی خان کی آواز ان جذبات سے بھری ہوئی ہے جس کا ہر لفظ آپ ایک جتنی شدت کے ساتھ محسوس کر سکتے ہیں۔‘

 بلیسڈ ایو ہینڈل سے ایک اور صارف نے عاطف کا دفاع کرتے ہوئے لکھا، ’ عاطف اسلم کا نصرت فتح علی خان سے موازنہ کرنا غیر منصفانہ ہے۔ ایک عظیم استاد سے اس کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ کہنے کے باوجود عاطف کی آواز میں یہ حمد روح کو چھوتی ہے۔ اپنی عمر اور تجربے کے لحاظ سے عاطف نے ایک حیرت انگیز کام کیا ہے۔ یہ ایک بہت بڑی کوشش تھی۔ عاطف مبارکباد کے مستحق ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی