تین نومبر کو جب کالعدم علیحدگی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ترجمان جیئند بلوچ نے بشیر زیب کو تنظیم کی سربراہی سے ہٹانے کے حوالے سے بیان جاری کیا تو بلوچستان کے حالات پر گہری نظر رکھنے والوں کے لیے یہ ایک غیر متوقع اور حیران کن خبر تھی۔
اگرچہ بیان میں یہ کوشش کی گئی کہ اس اعلان اور فیصلے سے ذہن میں فطری طور پر تنظیم کے اندرونی اختلافات کے حوالے سے جنم لینے والے سوالات کا جواب دیا جا سکے، لیکن یہ بنیادی سوال کا جواب دینے میں کسی حد تک ناکام رہا ہے۔
یہ بات شاید درست ہو کہ تنظیم کے فیصلہ ساز ادارے، سینیئر کمانڈ کونسل نے اپنے نظم و ضبط اور آئین و منشور کے مطابق بشیر زیب کو عہدے سے ہٹایا ہو، لیکن اتنے تفصیلی بیان میں بشیر زیب کی آٹھ سالہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرنے یا ان کی خدمات کی تعریف کرنے کے حوالے سے ایک لفظ بھی موجود نہیں تھا۔
ایک عمومی روایت ہے کہ کسی بھی ادارے میں خدمات انجام دینے والے کارکن یا سربراہ کو اگر انضباطی کارروائی کے تحت عہدے سے ہٹایا بھی جائے تو اس کے لیے کچھ تعریفی کلمات ضرور ادا کیے جاتے ہیں۔ لیکن بشیر زیب، جو نہ صرف آٹھ سال تک پوری تنظیم کے سیاہ و سفید کے مالک رہے بلکہ تنظیم کا ایک نمایاں چہرہ بھی تھے، ان کے بارے میں تعریفی کلمات ادا نہ کرنا ان شکوک و شبہات کو تقویت دیتا ہے کہ ان کی سربراہی سے برطرفی کوئی معمول کا معاملہ نہیں، بلکہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ بی ایل اے کی قیادت میں تبدیلی کا مقصد تنظیم میں نئی روح پھونکنا ہے اور تنظیم کے آئین کے مطابق ہر چار سال بعد قیادت میں تبدیلی لازمی ہے۔ اگرچہ یہ بات بظاہر درست لگتی ہے، لیکن اس کے بطن سے ایک اور سوال جنم لیتا ہے۔
بشیر زیب 2018 میں بی ایل اے کے کمانڈر اِن چیف بنتے ہیں اور تنظیم کے آئین کے مطابق ان کی قیادت کی چار سالہ مدت 2022 میں ختم ہو جاتی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اس وقت سینیئر کمانڈ کونسل نے انہیں مزید چار سال کی توسیع کیوں دی؟ اگر یہ توسیع اس بنیاد پر دی گئی تھی کہ وہ تنظیم کو درست طریقے سے اپنے اہداف کی جانب لے جا رہے تھے تو پھر سوال یہ ہے کہ انہیں تیسری مرتبہ توسیع کیوں نہیں دی گئی؟
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہاں سے یہ خیال پیدا ہوتا ہے کہ شاید سینیئر کمانڈ کونسل کی نظر میں یا تو بشیر زیب کی تنظیمی اور آپریشنل صلاحیتیں ماضی کی طرح کارآمد نہیں رہیں، یا پھر شاید وہ ایک شخصیت پرستی کے رجحان کو فروغ دیتے ہوئے تنظیم کو اپنی شخصیت کے تابع کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
بیان میں اس جانب بھی اشارہ ملتا ہے، جب اس میں لکھا گیا ہے: ’تاریخ گواہ ہے کہ وہ تحریکیں پائیدار اور دیرپا کامیابی حاصل کرتی ہیں جو فرد پر انحصار کرنے کے بجائے خودمختار اور آئینی اداروں کے ذریعے اپنا نظام چلاتی ہیں۔‘
ایک اور سوال یہ بھی ہے کہ بالفرض اگر بشیر زیب سینیئر کمانڈ کونسل کے فیصلے سے متفق ہیں اور انہیں اس بات کا احساس ہے کہ اتنے بڑے فیصلے کے بعد نہ صرف تنظیم کے اندر ان کے زیرِ کمان جنگجو، بلکہ باہر ان کے دوست اور دشمن بھی اسے اختلافات سے تعبیر کر سکتے ہیں، تو پھر انہوں نے کسی بیان، آڈیو پیغام یا میڈیا کے ذریعے سینیئر کمانڈ کونسل کے فیصلے کو تسلیم کرنے کا اعلان کیوں نہیں کیا؟ اسی طرح انہوں نے اپنی جگہ تعینات کیے جانے والے نئے کمانڈر اِن چیف، رحمان گل عرف استاد مرید، کی قیادت پر اعتماد کا اظہار بھی کیوں نہیں کیا؟
ممکن ہے کہ بی ایل اے میں کوئی اختلافات نہ ہوں اور بشیر زیب کسی مصلحت کے تحت اس فیصلے کے بارے میں کچھ کہنا مناسب نہ سمجھتے ہوں۔ ایک بلوچ دوست نے، جو بشیر زیب کے بہت قریب رہے ہیں اور شب و روز بلوچستان کی صورت حال پر گہری نظر رکھتے ہیں، بتایا: ’نواب خیر بخش مری نے ایک محفل میں کہا تھا کہ بلوچ نیشنلزم ابھی طفلانہ دور سے گزر رہی ہے۔ سینیئر کمانڈ کونسل کے فیصلے کو دیکھتے ہوئے میں سمجھتا ہوں کہ بلوچ نیشنلزم بالغ ہو گئی ہے، لیکن پھر بھی حالات اور فیصلے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے مجھ سے یہ بات ہضم نہیں ہو رہی۔‘
نوٹ: عبدالحئی کاکڑ مریکہ میں مقیم سینیئر صحافی ہیں۔ یہ تحریر ان کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔