’24 گھنٹے ہو گئے، ہمارے پیارے ملبے سے نہیں نکالے گئے‘: کراچی میں منہدم عمارت کے متاثرین

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی (بلاک 4) کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں بدھ کو ایک زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت منہدم ہو گئی تھی۔

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب منہدم ہونے والی زیر تعمیر عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کے اہلِ خانہ اپنے پیاروں کی تلاش میں بے بسی سے ریسکیو آپریشن دیکھ رہے ہیں۔

کسی کا شوہر، کسی کا بیٹا اور کسی کے بھائی اور بہنوئی عمارت میں مزدوری کے لیے آئے تھے، لیکن اب ان کے اہلِ خانہ کو ان کی واپسی کا انتظار ہے۔

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی (بلاک 4) کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں بدھ کو ایک زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت منہدم ہونے سے تین افراد جان سے گئے اور متعدد زخمی ہیں۔

اقرا کے شوہر بھی عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رات کے وقت ملبے کے اندر سے موبائل فون کی ٹارچ کی روشنی دکھائی دے رہی تھی، تاہم صبح تک وہاں سے ملبہ ہٹا دیا گیا تھا۔

اقرا کے مطابق تقریباً 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کے شوہر سمیت ان کے پیارے بازیاب نہیں ہو سکے۔

اقرا نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’24 گھنٹے ہو گئے ہیں، لیکن ابھی تک ہمارے بندے نہیں نکالے گئے۔‘

دوسری جانب شہری ندیم کے بیٹے وقاص احمد بھی لاپتہ ہیں۔ ندیم کے مطابق ان کا بیٹا عمارت کے اندر باورچی خانے میں ٹائلز لگانے کا کام کر رہا تھا کہ عمارت منہدم ہو گئی۔

متاثرہ خاندانوں میں محمد مثمر بھی شامل ہیں، جن کے مطابق ان کے دو بھائی اور ایک بہنوئی عمارت میں ٹائلز اور ماربل کا کام کرنے آئے تھے۔

ان کے دو بھائیوں میں سے ایک کا نام جبران اور دوسرے کا عادل ہے۔ تینوں افراد عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

محمد مثمر نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریباً ڈیڑھ بجے کام کے لیے عمارت میں پہنچے تھے اور اس کے تقریباً 10 منٹ بعد عمارت منہدم ہو گئی۔

انہوں نے ریسکیو ٹیموں سے اپیل کی کہ ملبے تلے دبے افراد کو جلد از جلد نکالا جائے۔ ان کا کہنا تھا: ’ہماری یہی گزارش ہے کہ جلد سے جلد ہمارے بندوں کو نکالا جائے۔

اب وہ بندے اندر موجود ہوں، کیا پتا کوئی کمرے کے اندر ہو۔ کچھ بھی نہیں کہہ سکتے۔‘

محمد مثمر نے ریسکیو آپریشن کی رفتار اور مختلف اداروں کی کارروائی پر بھی سوال اٹھائے۔

ان کے بقول: ’پاکستان میں اتنا سسٹم ہے، زمین کے اندر سونا نکال لیا جا رہا ہے، زمین کے اندر تیل نکال لیا جا رہا ہے، لیکن زمین کے اندر جو انسان دبا ہوا ہے، وہ نہیں نکالا جا رہا۔‘

انہوں نے کہا کہ ملبے تلے دبے افراد کے بچے، بیویاں اور والدین اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا: ’ان کے بچے انتظار کر رہے ہیں، اس کی بیگم، اس کے بچے، اس کی ماں، یہ کہاں کا انصاف ہے؟‘

ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق عمارت کے ملبے سے اب تک تین لاشیں اور 14 زخمیوں کو نکال کر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مختیار کار فیروز آباد ڈویژن محمد عیسیٰ پلیجو نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں واقعے کی اطلاع تقریباً ایک بج کر 35 سے 40 منٹ کے درمیان ملی، جس کے بعد دستیاب وسائل اور بھاری مشینری کے ساتھ امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔

ان کے مطابق ابتدائی کارروائی میں پانچ سے چھ زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس 16 لاپتہ افراد کی فہرست بھی موجود ہے، جن کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو اہلکار صابر حسین نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کنٹرول روم کو اطلاع تقریباً ڈیڑھ بجے ملی اور ان کی ٹیم ایک بج کر 52 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔

ان کے مطابق عمارت مکمل طور پر منہدم ہو چکی تھی اور وہاں مختلف ٹھیکیداروں کے تحت کام کرنے والے افراد کی موجودگی کے باعث یہ معلوم کرنا مشکل تھا کہ اندر کتنے لوگ موجود تھے۔

صابر حسین کا کہنا تھا کہ عمارت کی چھ منزلیں ہونے کے باعث ملبہ ہٹانے اور تلاش کا کام احتیاط سے کرنا پڑ رہا ہے، تاکہ ممکنہ طور پر زندہ موجود افراد کو نقصان نہ پہنچے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمارت منہدم ہونے کے واقعے میں جانی نقصان کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ بلدیات کے سیکریٹری اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل وسیم شمشاد کو ان کے عہدوں سے ہٹانے اور وفاقی حکومت کو واپس بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدوں سے ہٹانے، جبکہ ایس بی سی اے کے 16 افسران کو معطل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران انہوں نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمارت کے آرکیٹیکٹ اور اسٹرکچرل انجینیئر کو بھی تحقیقات میں شامل کیا جائے گا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ تعمیرات منظور شدہ نقشے اور حفاظتی ضوابط کے مطابق تھیں یا نہیں۔

عمارت میں کام کے لیے آنے والے افراد کے اہلِ خانہ اب بھی ملبے کے قریب موجود ہیں۔

ان میں ایسے خاندان بھی ہیں جو روزگار کی تلاش میں دیہات سے کراچی آئے تھے۔ ان کے لیے اس وقت سب سے بڑی امید یہی ہے کہ ملبے سے ان کے پیارے زندہ مل جائیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی میری کہانی