آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے ’جارحانہ‘ سکواڈ کا اعلان

عابد علی، کاشف بھٹی، افتخار احمد اور عمران خان سینیئر ٹیسٹ جبکہ موسیٰ خان، خوشدل شاہ، عثمان قادر اور محمد عرفان ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل۔

اظہر علی ٹیسٹ اور بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی قیادت کریں گے (اے ایف پی)

پاکستان نے آئندہ مہینے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے پیر کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں ٹیموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں وہاں (آسٹریلیا) مختلف نہیں بلکہ جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہو گی، اور ہماری جارحانہ حکمت عملی سے پاکستان کے لیے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔‘

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے لیے 16 رکنی سکواڈ میں نوجوان فاسٹ بولرز موسیٰ خان اور نسیم شاہ کو موقع دیا گیا ہے جبکہ ڈینگی وائرس سے نجات پانے والے شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس کو سکواڈ میں برقرار رکھا گیا۔

کمر کی انجری کے شکار حسن علی ری ہیب پروگرام میں شرکت کر رہے ہیں، لہذا ان کا انتخاب نہیں ہوا۔

اسی طرح فاسٹ بولر عمران خان سیینئر کی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے اپنا نواں اور آخری ٹیسٹ میچ جنوری، 2017 سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف ہی کھیلا تھا۔

اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ موسیٰ خان سات فرسٹ کلاس میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ لاہور کے 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پانچ فرسٹ کلاس میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنے والے دونوں فاسٹ بولرز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت اچھا پرفارم کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

موسیٰ اور نسیم کے علاوہ اوپنر عابد علی، مڈل  آرڈر بلے باز افتخار احمد اور بائیں ہاتھ کے سپنر کاشف بھٹی کو بھی پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

مصباح نے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا بھی اعلان کیا، جس میں موسیٰ کے علاوہ وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد حسنین بھی شامل کیے گئے ہیں۔ دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان کی بھی موقع دیا گیا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین  ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز نومبر کے آغاز میں شیڈول ہے۔

بنوں سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ بلے باز خوشدل شاہ اور 26 سالہ سپنر عثمان قادر بھی مختصر فارمیٹ کے لیے سکواڈ کا حصہ ہیں۔

 پاکستان کے مایہ ناز لیگ سپنر عبدالقادر کے صاحبزادے عثمان قادر اس سے قبل  آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں پرتھ سکورچرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

مصباح نے پریس کانفرنس کے دوران عثمان قادر کی شمولیت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عثمان آسٹریلین پچز پر کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں جس سے ٹیم کو فائدہ ہو گا۔ ’بگ بیش لیگ کھیلنے والے سپنر عثمان قادر کی ٹیم میں شمولیت کا فائدہ شاداب خان کو ہوگا۔‘

مصباح نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹیم کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہوگا، لہذا دونوں فارمیٹ کے لیے متوازی ٹیموں کا انتخاب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ موسیٰ اور نسیم کا انتخاب ایک جرات مندانہ فیصلہ ہے، آسٹریلیا کی کنڈیشنز اور پچز پر بولنگ کرنا دونوں کھلاڑیوں کے لیے مفید تجربہ ہو گا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں فاسٹ بولرز کی موجودگی میں پاکستان آسٹریلیا کو دو مرتبہ آؤٹ کرکے ٹیسٹ جیتنے کی کوشش کرے گا۔

مصباح الحق نے کہا  کہ نوجوان فاسٹ بولرز کی موجودگی سے جہاں قومی ٹیم کا پیس اٹیک مضبوط ہوگا تو وہیں یاسر شاہ کے ساتھ کاشف بھٹی کی شمولیت سے سپن کا شعبہ بھی مضبوط ہوگا۔

پریس کانفرنس میں وکٹ کیپر اور سابق کپتان سرفراز احمد سے متعلق کافی گفتگو ہوئی۔

مصباح  نے ٹیموں کا اعلان کرنے سے پہلے سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کے موضوع پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور پی سی بی کے مینیجگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کافی سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا اس حوالے سے میڈیا پر قیاس آرئیوں میں کوئی صداقت نہیں ’سرفراز کو خراب فارم کی وجہ سے ہٹایا گیا۔‘

شان مسعود کی واپسی پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شان نے  جنوبی افریقہ میں اچھا کھیلا تھا، حالیہ ڈومیسٹک  سیزن میں ان کی  پرفارمنس اوپر نیچے رہی، لیکن وہ واپس فارم میں آئے ہیں۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹیم سیریز میں شرکت کے لیے 26 اکتوبر کو سڈنی روانہ ہوگی جبکہ ٹیسٹ سکواڈ قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں شرکت کے بعد نومبر کے پہلے ہفتے میں پرتھ کے لیے اڑان بھرے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سکواڈ

بابراعظم (کپتان) ، آصف علی، فخر زمان ، حارث سہیل ، محمد حسنین ، افتخار احمد، عماد وسیم ، امام الحق، خوشدل شاہ ،  محمد عامر، محمدعرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)،موسیٰ خان ،  شاداب خان ، عثمان قادر اور وہاب ریاض ۔

 ٹیسٹ سکواڈ

اظہر علی (کپتان) ، بابراعظم ، عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل ، افتخار احمد، عمران خان سیینئر، امام الحق، کاشف بھٹی،  محمدعباس ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) ،موسیٰ خان ،  نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود  اور یاسر شاہ۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ