فواد عالم کی دس سال بعد ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے آسٹریلیا سے ہارنے والے 16 رکنی سکواڈ میں سے 14 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔

34 سالہ فواد عالم نےپاکستان کے لیے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف  کھیلا تھا(اے ایف پی)

پاکستان نےآئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شامل سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز کے لیے دس سال کے بعد مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کو پہلی بار طلب کر لیا۔

34 سالہ فواد عالم نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ نومبر 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈنیڈن میں کھیلا تھا۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فواد نے حالیہ سیزن میں 71 کی اوسط سے 781 رنز بنائے۔

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ہفتے کو سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا فواد کی واپسی ان کی انتھک محنت کا صلہ ہے۔’فواد کا ٹیم میں انتخاب ایمرجنگ کرکٹرز اور سلیکٹرز دونوں کے لیے ایک مثال ہے۔‘

فواد کے علاوہ تیز بولر عثمان شنواری بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی وجہ سے افتخار احمد اور محمد موسیٰ باہر ہو گئے۔

آسٹریلیا میں دو ٹیسٹ میچوں میں عبرت ناک شکست کھانے والے سولہ رکنی سکواڈ میں صرف یہی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مصباح کے مطابق’ ہم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ کے 16 میں سے 14 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔‘

’ہماری سوچ ہے کہ ٹیم میں تسلسل ہونا چاہیے اور اسی لیے سری لنکا کے خلاف سیریز میں ہم نے زیادہ تبدیلیاں نہیں کیں۔ کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کے لیے تسلسل ضروری ہے، ہم نے صرف ضروری تبدیلیاں کی ہیں۔‘

پاکستان کی جانب سے 17 ایک روزہ اور 16 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے عثمان اب تک اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز نہیں کرسکے۔

مصباح نے امید ظاہر کی کہ شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، نسیم شاہ اور عمران خان کی موجودگی میں عثمان کی شمولیت سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔

مصباح نے کہا موسیٰ اس دوران باؤلنگ کوچ وقار یونس کے ساتھ اپنی باؤلنگ پر کام کریں گے۔

مصباح نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں ہمیں توقعات کے مطابق نتائج نہیں مل سکے، قومی ٹیم وہاں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی لیکن گذشتہ سیریز ہمارے لیے سیکھنے کا بہترین موقع تھا۔

اس وقت چیف سلیکٹر، ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ جیسی تین اہم ذمہ داریاں سنبھالنے والے مصباح نے سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ان کے بارے میں ’ون مین شو ‘کا تاثر ہے۔

’میرے خیال میں اس حوالے سے وضاحت ضروری ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں چھ سلیکٹرز ہیں جو قریب سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھتے اور ان کی تکنیک پر کام کرتے ہیں۔ وہ کھلاڑیوں کے مثبت اور منفی پہلوؤں سے آگاہ ہیں میری بنیادی کام ہیڈ کوچ کا ہے۔‘

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11سے 15 دسمبر تک راولپنڈی جبکہ دوسرا 19سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ