ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ 11ویں روز بھی جاری ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔
10ویں دن کے احوال کے لیے یہاں کلک کریں
رات نو بج کر 34 منٹ، ایران کو مشرق وسطیٰ میں امریکی اثاثوں کی معلومات دینے سے متعلق روس کی تردید: امریکی ایلچی
امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ روس نے ایران کو مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اثاثوں کے بارے میں انٹیلیجنس معلومات فراہم کرنے کی تردید کر دی ہے۔
منگل کے روز ایک انٹرویو کے دوران اسٹیو وٹکوف نے بتایا کہ یہ تردید پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سامنے آئی۔
اس سے قبل گزشتہ جمعہ کو واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ روس مشرقِ وسطیٰ میں امریکی بحری جہازوں اور طیاروں کے مقامات سمیت دیگر اہداف کی معلومات ایران کو فراہم کر رہا ہے۔
اسٹیو وٹکوف کے مطابق جب صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے سوال کیا تو روسی حکام نے واضح کیا کہ وہ ایسی کوئی معلومات شیئر نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صدر کی کال سے قبل انہوں نے اور جیرڈ کشنر نے کریملن کے خارجہ پالیسی کے مشیر یوری اوشاکوف سے بھی رابطہ کیا تھا، جنہوں نے اسی موقف کو دہرایا۔
خصوصی ایلچی کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم ان کے الفاظ پر بھروسہ کر سکتے ہیں، لیکن یہ سوال انٹیلیجنس اداروں کے لیے زیادہ موزوں ہے، تاہم ہمیں امید کرنی چاہیے کہ روس ایسی معلومات فراہم نہیں کر رہا۔
رات 7 بج کر 45 منٹ پر: ٹورنٹو میں امریکی قونصل خانے پر فائرنگ
کینیڈین پولیس نے بتایا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر ٹورنٹو میں منگل کی صبح امریکی قونصل خانے پر گولیاں چلائی گئیں لیکن اس واعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
مشرق وسطیٰ کی جنگ کے تناظر میں چند روز قبل اسی قونصل خانے کے باہر مظاہرے کیے گئے تھے۔
ٹورنٹو پولیس سروس نے کہا کہ اسے کینیڈا کے سب سے بڑے شہر کے مرکزی علاقے میں طلوع فجر سے قبل قونصل خانے میں آتشیں اسلحہ اتارے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
Media Advisory - Toronto Police to Provide Update on Firearm Discharge at U.S. Consulate, Tuesday, March 10, 2026, at 11:30 a.m., United States Consulate, 360 University Avenuehttps://t.co/V8uIwUxYom pic.twitter.com/Jhuu96f2DT
— Toronto Police (@TorontoPolice) March 10, 2026
فورس نے ایکس پر کہا، ’پولیس جائے وقوعہ پر ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
امریکی قونصل خانہ یونیورسٹی ایونیو پر واقع ہے، جو شمال جنوب کی ایک بڑی سڑک ہے جس میں کئی ہسپتال شامل ہیں اور یہ صوبائی مقننہ کی طرف جاتا ہے۔
مظاہرین نے گذشتہ ہفتے کے آخر میں قونصل خانے کے باہر ریلی نکالی اور ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں سے شروع ہونے والی مشرق وسطیٰ کی جنگ کی مذمت کی تھی۔
رات سات بج کر 32 منٹ: حتمی فیصلہ صدر کریں گے، مشن کو پھیلنے نہیں دیں گے: امریکی وزیر دفاع
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے آج موجودہ عسکری صورتحال اور امریکی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی افواج اس وقت ایک انتہائی مضبوط پوزیشن میں ہیں اور صدر کو تمام ممکنہ آپشنز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق اپنے بیان میں وزیرِ دفاع نے کہا کہ اگرچہ آپریشن کے آغاز سے ہی اس بارے میں کوئی خاص وقت مقرر نہیں کیا گیا تھا کہ اس عمل میں کتنا عرصہ لگے گا، تاہم امریکہ کا ارادہ اور عزم مضبوط ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان تمام فوجی اہداف کے حتمی نتائج اور مستقبل کا فیصلہ صرف صدر ہی کریں گے۔
پیٹ ہیگستھ نے مزید کہا کہ وہ مسلسل اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ یہ کوئی لامتناہی یا طویل عرصے تک چلنے والی جنگ نہیں ہوگی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مشن کے دائرہ کار کو پھیلنے نہیں دیا جائے گا کیونکہ صدر نے ایک واضح مقصد مقرر کر رکھا ہے اور محکمہ دفاع کا کام اس مقصد کو مکمل طور پر حاصل کرنا ہے۔
آپریشن کی رفتار اور اگلے اقدامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ اس کا فیصلہ صدر کریں گے کیونکہ وہ امریکی عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہنا ان کا منصب نہیں کہ مشن اس وقت اپنے آغاز، درمیان یا اختتام کے کس مرحلے پر ہے، بلکہ اس حوالے سے صدر خود وقتاً فوقتاً آگاہ کرتے رہیں گے۔
رات سات بج کر 17 منٹ: توانائی کی تنصیبات پر حملے خطرناک روایت، جو بھی فریق ملوث ہے سلسلہ فوری روکے: قطر
قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے منگل کو خطے میں موجود کشیدگی کے تناظر میں توانائی کی تنصیبات اور عوامی اہمیت کے حامل بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا کو متاثر کریں گے۔
ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ’دونوں اطراف سے توانائی کی تنصیبات پر ہونے والے حملے ایک ایسی خطرناک روایت ہے جس سے نہ صرف اس خطے کو معاشی طور پر نقصان پہنچے گا اور یہاں کے کاروباری ماڈلز متاثر ہوں گے، بلکہ اس کے اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے جائیں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا، چاہے وہ پانی صاف کرنے کے پلانٹس ہوں، پانی کے ٹینک ہوں، خوراک کے ذخائر ہوں، یا ادویات کے ذخائر اور ان کی تیاری کے کارخانے ہوں، کسی بھی قسم کا ایسا ڈھانچہ جو انسانی زندگی کو سہارا دیتا ہے، اسے نشانہ بنانا خطے اور اس سے باہر کے لوگوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔‘
قطری ترجمان نے واضح کیا کہ اس طرح کی کارروائیوں میں جو بھی فریق ملوث ہے، اسے یہ سلسلہ فوری طور پر بند کر دینا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی بقا کے لیے ضروری سہولیات کو جنگ یا تنازعات سے دور رکھنا بین الاقوامی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔
شام 6 بج کر 45 منٹ پر: وزیراعظم شہباز شریف کا رہبر ایران مجتبیٰ خامنہ ای کے نام خط
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کے نام ایک خط میں امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت آنے والے سالوں میں امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی طرف ایران کی رہنمائی کرے گی۔
فروری 2026 میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فضائی حملوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی موت کے بعد ایران کی قیادت نے ان کے برخوردار مجتبیٰ خامنہ ای نے کو سپریم لیڈر مقرر کیا ہے۔
اسلام آباد میں ایوان وزیراعظم سے پیر کی شام جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق خط میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اور انہیں (مجتبیٰ خامنہ سی کو) سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی گئی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ایران کے برادر عوام اور وسیع تر امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
’انہوں نے کہا ہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی وجہ سے پاکستانی عوام کو شدید دکھ میں ہے اور اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
ایوان وزیراعظم سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ’وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں۔
’انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دونوں برادر ممالک کے مفاد کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔‘
خط میں وزیراعظم نے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت، اور کامیابی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی یے۔
شام چھ بجے: نیدرلینڈز کا ایران میں سفارتی عملہ عارضی طور پر آذربائیجان منتقل کرنے کا فیصلہ
نیدرلینڈز نے سکیورٹی خدشات کے باعث ایران میں اپنے سفارت خانے کے عملے کو عارضی طور پر آذربائیجان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نیدرلینڈز کے وزیرِ خارجہ ٹوم بیرینڈسن نے منگل کو کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ ’ہمارے عملے کی سلامتی کو لاحق بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایران میں ڈچ سفارت خانے کی سرگرمیوں کو عارضی طور پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو منتقل کر دیا جائے۔‘
وزیرِ خارجہ کے مطابق یہ اقدام سفارتی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے اور حالات بہتر ہونے پر سفارت خانے کی سرگرمیاں دوبارہ ایران منتقل کی جا سکتی ہیں۔
شام 4 بجے: ’غیر قانونی حراست‘ کی حمایت کرنے والا ملک قرار دیے جانے پر افسوس ہے: افغانستان
امارت اسلامیہ افغانستان کی وزارت خارجہ امریکہ کے حالیہ فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں افغانستان کو ’غیر قانونی حراست‘ کی حمایت کرنے والا ملک قرار دیا گیا۔
افغانستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی ملک کے شہری کو کسی رعایت کی امید میں حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔ اس طرح کا رویہ اختیار نہیں کیا جاتا۔ بعض افراد کو نافذ قوانین کی خلاف ورزی کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور بعض کے مقدمات میں قانونی طریقۂ کار مکمل اور درست طور پر اختیار کیے جانے کے بعد رہا کر دیے گئے ہیں۔‘
افغانستان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر پبلک کمیونیکیشن حافظ ضيا احمد تکل نے ایکس پر بیان میں یاد دلایا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران افغانستان کی اسلامی امارت نے امریکہ کے قید شہریوں کی رہائی کی بابت انسانی بنیادوں پر مثبت اقدامات کیے ہیں۔
د افغانستان اسلامي امارت د بهرنیو چارو وزارت د امریکا متحده ایالتونو وروستۍ پرېکړه، چې افغانستان یې د «ناسم توقیف» د ملاتړي دولت په توګه نومولی، د تأسف وړ بولي.
The Ministry of Foreign Affairs of the Islamic Emirate of Afghanistan considers the recent decision by the United… pic.twitter.com/OEZCckCa4f
— حافظ ضياء احمد تکل (@ZiaAhmadtkl) March 10, 2026
’اسی طرح افغانستان کی حکومت اور امریکہ کے درمیان قطر کی ریاست کی مدد سے مختلف مواقع پر مذاکرات اور رابطے بھی ہوئے ہیں، جن میں دونوں جانب سے کچھ مثبت اقدامات اور یقین دہانیاں بھی کی گئی ہیں۔‘
افغانستان کی اسلامی امارت کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہے کہ یہ معاملہ فریقین کے درمیان جاری بات چیت اور باہمی تعامل کے ذریعے مناسب حل تک پہنچ جائے۔
دوپہر 2 بجے: موجودہ صورتحال خطے کی تیل اور گیس صنعت کے لیے سب سے بڑا بحران ہے: ارامکو چیف
سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی ارامکو کے چیف ایگزیکٹیو نے منگل کو کہا ہے کہ دنیا کی تیل کی منڈیوں کے لیے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں اگر آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹ طویل عرصے تک جاری رہی۔
انہوں نے یہ بات منگل کو کمپنی کے 2025 کے مالی نتائج جاری کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امین ناصر نے کہا کہ اگرچہ ماضی میں بھی مختلف رکاوٹوں کا سامنا رہا ہے، لیکن موجودہ صورتحال خطے کی تیل اور گیس صنعت کے لیے اب تک کا سب سے بڑا بحران ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری امریکہ، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ ایک ایسا جیوپولیٹیکل منظرنامہ ہے جس کے اثرات دنیا کے ہر خطے تک پہنچ رہے ہیں۔
ڈاکٹر راجہ قیصر احمد کی تحریر:
مشرقِ وسطیٰ میں جاری امریکہ، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ ایک ایسا جیوپولیٹیکل منظرنامہ ہے جس کے اثرات دنیا کے ہر خطے تک پہنچ رہے ہیں۔
ڈاکٹر راجہ قیصر احمد کی تحریرhttps://t.co/34ELmmdkRQ
— Independent Urdu (@indyurdu) March 10, 2026
دن 11 بج کر 48 منٹ: امریکہ اور اسرائیل کے اتحادیوں کو تیل برآمد نہیں ہونے دیں: پاسداران انقلاب
ایران کے پاسداران انقلاب کے ایک ترجمان نے منگل کو کہا ہے کہ جب تک جنگ جاری ہے وہ خطے سے امریکہ اور اسرائیل کے اتحادیوں کو تیل برآمد نہیں ہونے دیں گی۔
اے ایف پی کے مطابق علی محمد نائینی نے کہا ہے کہ ’ایرانی مسلح افواج... آئندہ اطلاع تک خطے سے دشمن فریق اور اس کے شراکت داروں کو ایک لیٹر تیل بھی برآمد نہیں ہونے دیں گی۔‘
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق علی محمد نائینی نے مزید کہا ہے کہ اس مؤقف میں کسی بھی قسم کی تبدیلی تنازع کی صورتحال اور حالات کے مطابق کی جائے گی۔
دن 11 بجے: جب تک ضروری ہوا میزائل حملے کریں گے: ایران
ایران کے وزیرِ خارجہ نے منگل کو کہا ہے کہ ان کا ملک ’جب تک ضروری ہوا حملے جاری‘ رکھنے کے لیے تیار ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عباس عراقچی نے مذاکرات کے امکان کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ’بہت جلد‘ ختم ہو جائے گی۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکی نشریاتی ادارے پی بی ایس نیوز کو بتایا کہ ان کا ملک میزائل حملے جاری رکھنے کے لیے تیار ہے اور امریکہ سے مذاکرات اب ایجنڈے میں شامل نہیں۔
صبح 10 بج کر 20 منٹ: ایران کے پڑوسی ممالک پر تازہ حملے
ایران نے منگل کو خلیجی عرب ممالک پر نئے حملے کیے جبکہ شمالی عراق میں ایک فضائی حملے میں ایران نواز پانچ جنگجو مارے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق منگل کی صبح سویرے دبئی اور بحرین کی جانب آنے والے میزائلوں کی وجہ سے سائرن بجنے لگے۔
سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ ملک کے مشرقی صوبے کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل اور کئی ڈرونز بھی مار گرائے گئے۔
سعودی عرب نے ایران کی جانب سے سعودی عرب، دیگر خلیجی ممالک اور خطے کے ممالک کے خلاف جاری حملوں کی مہم کی مذمت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر کشیدگی میں اضافہ جاری رہا تو اس کے تباہ کن نتائج خود ایران کو بھگتنا پڑیں گے۔
پیر کو سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ اگر ایران اپنے حملے جاری رکھتا ہے تو اسے سفارتی، اقتصادی اور تزویراتی سطح پر سب سے بھاری نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا اور آخرکار وہی ’سب سے بڑا نقصان اٹھانے والا‘ ہوگا۔
وزارت نے کہا کہ یہ حملے ’کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں‘ اور اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب کو اپنے عوام، سرزمین اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔
صبح 10 بجے: ایران سے آنے والے میزائل اور ڈرونز کا جواب دے رہے ہیں: یو اے ای
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے منگل کی صبح تصدیق کی ہے کہ اس وقت فضائی دفاعی نظام ایران سے آنے والے میزائل اور ڈرونز کا جواب دے رہا ہے۔
تتعامل حالياً الدفاعات الجوية الإماراتية مع تهديدات صاروخية وطائرات مسيرة قادمة من إيران
وتؤكد وزارة الدفاع أن الأصوات المسموعة في مناطق متفرقة من الدولة هي نتيجة اعتراض كل من منظومات الدفاع الجوي للصواريخ البالستية، والمقاتلات للطائرات المسيرة والجوالة.
UAE air defences are… pic.twitter.com/Gp63RetiWm
— وزارة الدفاع |MOD UAE (@modgovae) March 10, 2026
وزارت دفاع نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سنی جانے والی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کو روکنے اور لڑاکا طیاروں کی طرف سے ڈرونز اور لوئٹرنگ میونیشنز کو تباہ کرنے کے نتیجے میں آ رہی ہیں۔
صبح نو بجے: پی ٹی آئی نے وزیر اعظم کے اعلانات کو ’کھوکھلا‘ قرار دے دیا
پاکستان تحریکِ انصاف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایران جنگ کے پیش نظر کفایت شعاری کے اعلانات کو ’کھوکھلا‘ قرار دیتے ہوئے اسے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیرِ اعظم کی جانب سے قوم سے خطاب میں کفایت شعاری کے اقدامات کے اعلان محض ایک رسمی کارروائی سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔
’ایک طرف حکومت خود تسلیم کر رہی ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان کی معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے حکومت مسلسل ان پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔‘
بیان کے مطابق ’پیٹرولیم لیوی پہلے ہی تاریخی سطح تک پہنچ چکی تھی، مگر 6 مارچ کو اسے اچانک مزید بڑھا دیا گیا۔ اسے کم کرنے کے بجائے حکومت اسے مزید بڑھاتی جا رہی ہے۔ اگر حکومت واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی تو پیٹرولیم لیوی میں کم از کم 21 روپے فی لیٹر کمی کر کے فوری ریلیف فراہم کر سکتی تھی۔ مگر اس کے برعکس عوام کو مہنگائی کی ایک نئی لہر برداشت کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔‘
’موجودہ صورتحال کوئی عوامی صحت کا بحران نہیں جیسا کہ کووِڈ-19 تھا، بلکہ یہ ایک معاشی مسئلہ ہے۔ دفاتر، سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو بند کرنے سے اس مسئلے کا حل نہیں نکلے گا۔ لوگ پہلے ہی سرکاری اداروں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور دفاتر بند کرنے سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ لہٰذا اس طرح کی بندش کا کوئی خاطر خواہ مقصد حاصل نہیں ہوگا۔‘
صبح 8 بج کر 20 منٹ: تیل کی قیمتیں گرنے لگیں
تیل کی قیمتیں منگل کو گرنے لگیں اور حصص کی منڈیوں میں اس وقت تیزی دیکھی گئی جب ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ-اسرائیل کی جنگ توقع سے پہلے ختم ہونے والی ہے۔
ٹرمپ نے سی بی ایس نیوز کو فون پر بتایا کہ ’میرے خیال میں جنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ ان کے پاس کوئی بحریہ نہیں، کوئی مواصلاتی نظام نہیں، اور ان کے پاس کوئی فضائیہ بھی نہیں ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے مزید کہا ’اگر آپ دیکھیں تو ان کے پاس کچھ بھی باقی نہیں رہا۔ فوجی لحاظ سے کچھ بھی باقی نہیں بچا۔‘
بعد میں انہوں نے فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’یہ جلد ہی ختم ہونے والی ہے، اور اگر یہ دوبارہ شروع ہوئی تو انہیں اس سے بھی زیادہ سخت مار پڑے گی۔‘
سرمایہ کاروں نے ان تبصروں پر فوری ردِعمل دیا، جس کے نتیجے میں منگل کو خام تیل کی قیمتیں تقریباً 10 فیصد گر گئیں۔
یہ ایک دن بعد ہوا جب شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا تھا، جس میں تیل 30 فیصد تک بڑھ کر فی بیرل 119 ڈالر سے زیادہ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا، اس کے بعد گر کر 84 ڈالر فی بیرل تک آ گیا ہے۔
ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں تیزی آئی، جہاں سیئول میں چھ فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا اور ٹوکیو میں تین فیصد سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ہانگ کانگ، شنگھائی، سڈنی، سنگاپور، ویلنگٹن، تائی پے، منیلا اور جکارتہ میں بھی اچھی خاصی بڑھوتری دیکھی گئی۔
صبح 08 بجے: ایران جنگ جلد ختم ہونے والی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی ترسیل کو روکنے کی کوشش پر ایران کے ساتھ جنگ کو بڑھانے کی دھمکی دی مگر ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ تنازع جلد ختم ہو جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹرمپ کی یہ وارننگ ایک ایسے دن کے اختتام پر آئی جب عالمی مالیاتی منڈیاں اتار چڑھاؤ کا شکار رہیں، اس خدشے کے باعث کہ ایران کا سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے پیچھے متحد ہو رہا ہے اور کسی بھی وقت پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کی فضائیہ اور بحریہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور پیش گوئی کی کہ یہ تنازع اس ابتدائی چار ہفتوں کے وقت سے بہت پہلے ختم ہو جائے گا جو انہوں نے مقرر کیا تھا، اگرچہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ فتح کی شکل کیا ہوگی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز کے ذریعے ٹینکر ٹریفک کو روکنے کی کوشش کرتا ہے تو امریکی حملے تیزی سے بڑھ سکتے ہیں۔