امریکہ میں کسی تنازعے کی ہمت نہیں: ایران نے سرخ جھنڈا لہرا دیا

ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ’مجھے ان کی جرات پر شک ہے کہ وہ ایسی لڑائی شروع کر سکیں جس میں انہوں نے 52 ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔‘

ایرانی فوج کے سربراہ نے امریکی دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ عالمی برادری کی توجہ’اپنی بھیانک اور بلاجواز کارروائی سے ہٹانا چاہتا ہے۔‘

ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے اتوارکو جاری شدہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ میں کوئی تنازعہ چھیڑنے کی ہمت نہیں ہے۔ قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ایرانی مقامات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔

ایرانی خبرایجنسی ارنا کے مطابق ایران کی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ’مجھے ان کی جرات پر شک ہے کہ وہ ایسی لڑائی شروع کر سکیں جس میں انہوں نے 52 ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔‘

ڈونلڈٹرمپ نے ہفتے کی رات کہا تھا کہ اگر ایران نے قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد جوابی کارروائی کی تو امریکہ ایران کو اتنی سختی کے ساتھ نشانہ بنائے گا جس طرح پہلے کبھی نہیں بنایا گیا۔

ہفتے کو صدر ڈونلڈٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں یہ بھی کہا تھا کہ’ایران خبردار رہے کہ اگر اس نے کسی امریکی شہری، یا امریکی اثاثوں پر حملہ کیا تو ہم نے ایران کے 52 مقامات کو ہدف بنا رکھا ہے جن میں بعض بہت اعلیٰ سطح کے ہیں اور ایران یا ایرانی ثقافت کے لیے بہت اہم ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ایرانی اہداف کو بہت تیزی اور سختی کے ساتھ نشانہ بنایا جائے گا۔ امریکہ مزید دھمکیاں نہیں چاہتا۔‘

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ نے امریکی دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ عالمی برادری کی توجہ’اپنی بھیانک اور بلاجواز کارروائی سے ہٹانا چاہتا ہے۔‘

اس معاملے پر امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکرنینسی پیلوسی نے امریکی صدر سے ایرانی جنرل پر حملے کی تفصیلات فوری طور پر طلب کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ مستقبل کی پالیسی سے متعلق بھی ایوان نمائندگان کو فوری آگاہ کرے۔

دوسری جانب ایران کے وزیر اطلاعات نو مواصلات محمد جواد ازاری جہرومی نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ڈونلڈٹرمپ ’سوٹ میں ملبوس دہشت گرد ہیں۔‘

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’داعش، ہٹلر اور منگولوں کے جیسی ہر تہذیب سے وہ نفرت کرتے ہیں۔ ٹرمپ سوٹ میں ملبوس دہشت گرد ہیں۔ انہیں بہت جلد تاریخ کا پتہ چل جائے گا کہ کوئی بھی عظیم ایرانی قوم اور تہذیب کو شکست نہیں دے سکتا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یاد رہے کہ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے شہر قم کی تاریخی مسجد جمکران پر سرخ جھنڈا (علم) لہرا دیا ہے۔ مسجد جمکران ایرانی شیعہ مذہب کے حوالے سے نہایت اہم مقام سمجھا جاتا ہے۔ 

ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ ایران کے شہر قم میں مسجد کے گنبد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ایران جنگ کے لیے تیار ہے، عوام بھی تیار رہیں۔

ایرانی میڈیا اطلاعات کے مطابق تاریخی مسجد جمکران کے گنبد پر سرخ علم لہرایا جانا ایران کی جانب سے انتباہ ہے۔ ملکی تاریخ میں ایسا پہلی بار کیا گیا ہے جو آنے والے دنوں میں کسی انتہائی شدید جنگ کی علامت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس اقدام کا ایک مقصد جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرنا بھی ہے۔

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی میت ایران کے شہر اہواز پہنچا دی گئی ہے جہاں اس موقعے پر ہزاروں افراد جمع ہو گئے۔ ایرانی جنرل کی تدفین منگل کو کرمان میں ہوگی۔ ایرانی خبررساں ادارے ارنا کے مطابق  ایرانی ہیکرز نے ڈونلڈٹرمپ کی دھمکی کے جواب میں امریکی فیڈرل ڈیپوزیٹری لائبریری پروگرام کی ویب سائٹ ہیک کرلی ہے۔ ہیکرز نے آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر اور ایرانی پرچم ویب سائٹ پر لگا دیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا