اٹک انتظامیہ کا زلفی بخاری کی ’796 کنال‘ جائیداد کی نیلامی کا اعلان

زلفی بخاری نے اس اقدام کو ’پاکستان میں رائج موجودہ ناانصاف قانونی نظام کی ایک جھلک‘ قرار دیا ہے۔

زلفی بخاری پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں عمران خان کے معاون خصوصی رہے ہیں (سید ذوالفقار بخاری/ فیس بک)

صوبہ پنجاب کے شہر اٹک کی انتظامیہ نے جمعرات کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سید ذوالفقار بخاری کی تقریباً 800 کنال کی جائیداد کی عوامی نیلامی کا اعلان کیا ہے۔

زلفی بخاری نے اس اقدام کو ’پاکستان میں رائج موجودہ ناانصاف قانونی نظام کی ایک جھلک‘ قرار دیا ہے۔

اٹک میں اسسٹنٹ کمشنر جنڈ کی جانب سے جاری اشتہار میں ’نیب کی ہدایت‘ پر زلفی بخاری کی تحصیل جنڈ میں واقع 796 کنال جائیداد کی عوامی نیلامی کا اعلان کیا گیا ہے۔

نیلامی یکم اکتوبر، 2025 کو دن 11 بجے میونسپل کمیٹی جنڈ، ضلع اٹک کے دفتر میں ہو گی۔

اس ضمن میں انڈپینڈنٹ اردو نے نیب کے ترجمان سے تفصیلات جاننے کے لیے رابطہ کیا، تاہم اس خبر کی اشاعت تک ان کا موقف موصول نہیں ہوا تھا۔

دوسری جانب برطانیہ میں مقیم زلفی بخاری نے ’نیب کی ہدایت‘ پر لیے گئے اقدام کو ’قانون کا سراسر مذاق‘ قرار دیتے ہوئے کہا ’یہ قانون کا سراسر مذاق اور پاکستان میں رائج موجودہ ناانصاف قانونی نظام کی ایک جھلک ہے۔‘

انہوں نے اسے پاکستانی جیل میں قید پی ٹی آئی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے جوڑا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عمران خان کے دور حکومت میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی رہنے والے زلفی بخاری کہتے ہیں ’چاہے میری تمام جائیدادیں مجھ سے چھین لی جائیں، میں پھر بھی عمران خان کی رہائی اور جمہوری پاکستان کی جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔‘

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نیب کی ہدایت پر کس کیس کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے؟

انڈپینڈںٹ اردو کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ ’ایسا کوئی مقدمہ ہی نہیں۔ ساری بنیاد صرف اس بات پر ہے کہ میں عمران خان کے بورڈ ممبر بننے سے قبل کچھ ماہ کے لیے القادر ٹرسٹ کا ڈائریکٹر رہا۔‘

’یہ سزا مجھے صرف اس لیے دی جا رہی ہے کہ میں نے خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے سے انکار کیا۔ اگر یہی اس کی قیمت ہے، تو مجھے منظور ہے۔‘

ضلعی انتظامیہ کے اشتہار میں مزید کہا گیا کہ نیلامی میں شامل جائیدادیں دو مختلف مواضعات میں واقع ہیں۔

پہلی جائیداد ’موضع نذره طرف عورہ میں واقع ہے، جس کا کل رقبہ 771 کنال 9 مرلے ہے۔ اس جائیداد کی ابتدائی بولی 15 ہزار 750 روپے فی کنال اور شیڈول ریٹ 20 ہزار روپے فی کنال مقرر کیا گیا ہے۔‘

دوسری جائیداد ’موضع نذره طرف خوره میں واقع ہے، جس کا کل رقبہ 25 کنال سات مرلے ہے۔ اس کے لیے ابتدائی بولی 35 ہزار روپے فی کنال اور شیڈول ریٹ 31 ہزار 500 روپے فی کنال رکھا گیا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست