جنگ کی تلخ یادوں کو زندہ رکھے ہوئے کابل کا بارودی سرنگوں کا میوزیم

افغانستان میں جس طرح کا اسلحہ اور گولہ بارود استعمال کیا گیا اسے اگر ایک جگہ دیکھنا ہو تو ’اومر میوزیم‘ سے بہتر جگہ کابل میں نہیں۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں تاریخی نوادرات بےدریغ لوٹے گئے لیکن ایک میوزیم ایسا بھی سے جسے کسی کو لوٹنے کی ضرورت نہیں لیکن عبرت حاصل کرنے کے لیے اچھا مقام ہے۔

میری مراد اومر مائن میوزیم سے ہے جو 1994 میں نجی سطح پر قائم کیا گیا۔ اس میں 50 سے زائد اقسام کی بارودی سرنگیں، اسلحہ اور گولہ بارود اکٹھا کیا گیا ہے۔ اومر کسی شخص کا نام نہیں بلکہ اس غیرسرکاری تنظیم کا نام ہے جس نے افغانستان میں باردوی سرنگیں صاف کیں، یعنی اورگنائزیشن فار مائن کلیرنس اینڈ افغان ری ہبلیٹیشن (OMAR)۔

میوزیم کی سیر کے دوران اس کے نگران احمد دین ترخیل نے ایسی بات کی کہ سوچ میں پڑ گیا۔ ان کا کہنا تھا: ’افغانستان ایسی جگہ ہے جہاں ہر ملک اپنے اسلحے کے تجربات کرتا ہے۔ اگر اس دوران افغان ہلاک ہوتے ہیں تو انہیں اس سے مسئلہ نہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ یہاں رکھا گیا اسلحہ اور باردوی سرنگیں ان کی ٹیموں نے مختلف علاقوں سے اکٹھی کی ہیں جنہیں ان کے تکنیکی عملے نے ناکارہ بنا کر یہاں رکھا ہے۔ ان کو دیکھنے کے لیے ٹکٹ درکار نہیں۔ لوگ مفت میں اسے دیکھ سکتے ہیں لیکن آنے سے پہلے اجازت اور وقت لیا جاتا ہے۔

احمد دین ترخیل نے کہا کہ یہاں بعض ایسی نادر چیزیں بھی موجود ہیں جنہیں پہلی جنگ عظیم میں استعمال کیا گیا تھا۔۔

انہوں نے بتایا: ’محض افغانستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں بارودی سرنگوں کا یہ واحد میوزیم ہے۔ یہاں مختلف ممالک کی بنی ہوئی باردوی سرنگیں موجود ہیں جن میں امریکہ، پاکستان، اٹلی، بیلجیم، ایران اور روسی شامل ہیں۔ یہ سب اصلی ہیں لیکن ناکارہ بنائی گئی ہیں اور محفوظ ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس میوزیم کے ذریعے نئی نسل کو بارودی سرنگوں کے بارے میں آگاہی بھی دی جاتی ہے۔

سینیئر افغان صحافی نسیم پشتون نے بتایا کہ یہ میوزیم اس لیے بنایا گیا تاکہ آئندہ نسلوں کو ماضی کے بارے میں بتا سکیں۔

انہوں نے کہا: ’اگر ہم جنگ میں ہوں تو بربادی اور پشیمانی کے سوا کچھ نہیں۔ یہ ہماری آئندہ کی نسلوں کو پیغام دے گا کہ جنگ سے بربادی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ اس سے بچ کر ہم ملک کی خوش حالی میں حصہ لے سکیں گے۔‘

حالیہ دہائیوں میں افغانستان میں لڑی جانے والی جنگوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ جیسے کہ کلسٹر بم، آرٹیلری، زمین سے فضا میں مار کرنے والے راکٹ اور بندوقیں بھی میوزیم میں رکھی گئی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی تاریخ