عمران خان کے انتہائی قریبی ساتھی نعیم الحق کا انتقال

نعیم الحق کو ہفتے کے روز طبیعت بگڑنے پر نجی ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا تھا۔

تحریک انصاف کے بانی رہنما اور عمران خان کے قریبی ساتھی نعیم الحق گزشتہ کچھ ماہ سے شدید علیل تھے۔ (ٹوئٹر)

تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق آج کراچی میں انتقال کر گئے۔

نعیم الحق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے اور ان کا شمار پی ٹی آئی کے بانیوں میں ہوتا تھا۔ 

نعیم الحق کی عمر 70 برس تھی۔ وہ پیشے کے لحاظ سے بینکر اور بزنس مین تھے۔ 1970 کی دہائی کے آخر میں نیشنل بینک آف پاکستان کی ایک برانچ  یو این پلازہ نیویارک میں کھولنے والی ابتدائی ٹیم کے سربراہ تھے۔ 
جنوری 2018 میں عام انتخابات سے آٹھ ماہ پہلے انہیں کینسر کے تشخیص ہوئی مگر بیماری کے باجود انھوں نے وہ الیکش مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔

انتخابات میں کامیابی حاصل کرنےکے بعد جولائی 2018 میں وزیراعظم عمران خان نے انہیں وفاقی کابینہ میں معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔

وہ طویل عرصے سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور سیاسی سرگرمیوں سے بھی دور تھے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق آغا خان ہسپتال کراچی میں زیر علاج تھے اور انہیں کچھ دن قبل اسپتال لایا گیا تھا۔ 

قبل ازیں نو فروری کو وزیراعظم عمران خان نے نعیم الحق کے گھر جا کر ان کی عیادت بھی کی تھی جہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل اورعون چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ان کی وفات کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں لکھا کہ ’نعیم الحق نے کینسر کے خلاف جنگ ایک شیر کی طرح لڑی، ایک دوست، بزرگ اور ساتھی، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اللہ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے‘۔

نعیم الحق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ان کا شمار وزیراعظم عمران خان کے دوستوں میں ہوتا تھا اور وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، ان کا اور میرا 28 برس کا ساتھ تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے بانی رہنما کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’دیرینہ دوست نعیم الحق کے انتقال پر غمزدہ ہوں، وہ تحریک انصاف کے 10 بانی اراکین میں سے تھے اور 23 سال کی جدوجہد میں میرے ساتھ کھڑے رہے۔‘ 

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کے مطابق نعیم الحق کی نماز جنازہ کل اتوار کو بعد نماز عصر، مسجد عائشہ، خیابان اتحاد، ڈی ایچ اے میں ادا کی جائے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان