’لان‘ کی بہاروں پر چھایا ہے کون سا رنگ؟

اس سال نیلا رنگ ہر فیشن بوتیک کی زینت بنا ہوا ہے، لیکن گذشتہ سال کے برعکس ڈیجیٹل پرنٹس اس مرتبہ کچھ زیادہ پسند نہیں کیے جارہے۔

 بہار کی آمد کے ساتھ ہی جب پھول رنگ بکھیرتے ہیں تو خواتین کے ملبوسات میں بھی رنگوں کی بہار اُتر آتی ہے۔ فوٹو: بشکریہ رنگ جا بوتیک

خواتین کے لیے ہر موسم میں کپڑوں اور ان کے رنگوں کا انتخاب ایک مسئلہ رہتا ہے۔ کیا پہنا جائے؟ یہی سوال سب کے دماغ میں ہر وقت موجود ہوتا ہے۔

 رنگوں کے انتخاب میں موسم کا عمل دخل تو ہے ہی لیکن کسی سیزن میں کون سا رنگ زیادہ پہنا جا رہا ہے، اُسے بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

موسم بہار کے آغاز میں ہر ڈیزائنر جب اپنے ملبوسات کا پہلا ایڈیشن (سپرنگ کلیکشن) متعارف کرواتا ہے تو زیادہ تر جو رنگ ہر بوتیک کی زینت بنتا ہے وہی اُس سیزن کا پسندیدہ رنگ کہلاتا ہے۔

 بہار کی آمد کے ساتھ ہی جب پھول رنگ بکھیرتے ہیں تو خواتین کے ملبوسات میں بھی رنگوں کی بہار اُتر آتی ہے۔ 2018 میں زرد اور پیلے رنگ کی مختلف جھلک ہر لباس میں دکھائی دے رہی تھی لیکن 2019 میں نیلا رنگ ہر فیشن بوتیک کی زینت بنا ہوا ہے۔

اسلام آباد کی رہائشی جویریہ کہتی ہیں کہ موسم کے گرم ہونے کی پیشین گوئی ہے تو خواتین لان کو ہی ترجیح دیں گی اس کے ساتھ چکن کاری اور نیٹ بھی ان رہیں گے۔ گرمیوں میں عید بھی ہے تو فینسی لان بھی صارفین کے لیے متعارف کروائی جائے گی۔

2019 میں کون سے رنگ پسندیدہ ہیں؟

 2019 میں بہار کے آتے ہی جن رنگوں نے دھنک بکھیری ہے، اُن میں گہرا نیلا رنگ سرفہرست ہے۔

اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ نیلا رنگ ٹھنڈک کی تاثیر رکھتا ہے، لیکن گرم تاثیر رکھنے والوں رنگوں میں سرخ اور کالا رنگ بھی اس سال پسندیدہ ہیں۔

ہلکے رنگوں میں سر فہرست بے بی بلیو، سفید اور سُرمئی اس موسم کے رنگ ہیں۔

یہ وہ رنگ ہیں جو ہر جگہ دستیاب ہوں گے۔

اس کے علاوہ شوخ رنگ کی قمیضیں اور ان کے ساتھ سفید ٹراؤزر بھی فیشن کا حصہ رہیں گے۔

۔خریدار عرفہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نیلا، پیلا اور سفید رنگ موجودہ فیشن ہے۔ جب کہ لمبی قمیض اور درمیانی لمبائی کی قمیض دونوں  چل رہی  ہیں۔ سیدھا  ٹراوز اور شلوار بھی اس موسم کا رائج فیشن ہے۔

2019 میں کون سے ڈیزائن اِن رہیں گے؟

سادہ رنگ کے ملبوسات اس سال سر فہرست ہیں۔

ان کے علاوہ شوخ رنگوں کے ساتھ شوخ پرنٹس بھی گرمیوں میں آپ کی وارڈ روب میں تازگی بکھیریں گے۔

ایک دہائی پہلے لمبی قمیضوں کا فیشن آیا اور صارفین نے کافی عرصے اُسے استعمال کیا۔

گذشتہ برس سے میڈیم لمبائی کی قمیضیں بھی فیشن کا حصہ بن گئیں۔

اس سال فیشن انڈسٹری میں دونوں طرح کے کپڑے استعمال میں آتے رہیں گے۔

بوتیکس میں لمبی قمیضیں بھی دستیاب ہیں اور درمیانی بھی، اس کے ساتھ ساتھ چھوٹی اور لمبی فراکس بھی فیشن میں اِن ہیں۔

گذشتہ چند برس سے ٹائٹس خواتین کی پسند رہے لیکن اب شلوار بھی فیشن میں دوبارہ آچکی ہے۔

اس کے علاوہ پلازو اور سگریٹ پینٹس بھی فیشن میں اِن ہیں۔

 گذشتہ سال کے برعکس ڈیجیٹل پرنٹس اس مرتبہ فیشن میں کچھ زیادہ پسندیدہ نہیں رہے اور اُن کی جگہ عمودی زیبرہ پرنٹس نے لے لی ہے۔

خریدار نغمانہ بیگم نے کہا کہ ’کپڑوں پر پرنٹنگ اور لیس سمیت اورگنزا کی ڈیٹیلنگ ان رہے گی۔ ٹراوزر پہلے کی طرح سادے نہیں بلکہ ڈیزائینگ والے ڈیمانڈ میں ہیں۔'

فیشن ڈیزائنر مہک کہتی ہیں کہ 'ہمارے پاس جو کسٹمرز آ رہے ہیں وہ گرمیوں میں ہلکے رنگوں کی ڈیمانڈ کرتے ہیں۔ خواتین کو اب بہت بھرے بھرے کڑھائیوں والے کپڑے نہیں پسند بلکہ ڈھیلے ڈھالے لیکن کٹس اور ڈیزائن کیساتھ کپڑے پسند ہیں۔ بے بی بلیو اور لائم گرین کلر کی ڈیمانڈ سیزن میں بڑھ جاتی ہے۔ بلیو کے تمام شیڈز 2019 کا تھیم ہیں۔ درمیانی سائز کی قمیض کی لمبائی کیساتھ شلواریں فیشن کا حصہ بن چکی ہیں۔'

ان کے علاوہ اگر دیکھا جائے تو لان، کھڈی اور کاٹن کے کپڑوں پر ہلکی پھلکی کڑھائی، بلاک پرنٹس اور چیک پرنٹ پسندیدہ رہیں گے۔

گویا اس برس جس نے جو پہننا ہے، اپنی مرضی کے مطابق پہن سکتا ہے۔ مجموعی طور پر 2019 کو اگر ’فیشن فرینڈلی‘ کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل