84 سالہ خاتون ایتھلیٹ کی نظریں نئے ریکارڈز پر

پولینڈ کے شہر ٹورن میں ورلڈ ماسٹرز ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں فلورنس فلیون ملر کا پول والٹ میں جیتنا یقینی ہے کیونکہ 80 سے 84 سال کے گروپ میں کسی اور کھلاڑی نے رجسٹریشن نہیں کروائی۔

فلورنس فلیون ملر۔ تصویر:اے پی 

برلنگٹن: امریکہ کی 84 سالہ پول والٹ ایتھلیٹ فلورنس فلیون ملر فی الحال ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔

ورماؤنٹ سے تعلق رکھنے والی فلورنس فلیون ملر جمعرات کو یورپ میں ورلڈ ماسٹرز ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے روانہ ہو گئیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق فلورنس پینٹاتھلون، 800 میٹر دوڑ، 60 میٹر ہرڈل سمیت متعدد ٹریک اور فیلڈ ایونٹس میں مقابلہ کریں گی۔

پولینڈ کے شہر ٹورن میں 24 تا 31 مارچ تک ہونے والی چیمپیئن شپ میں ان کا پول والٹ میں جیتنا یقینی ہے کیونکہ 80 سے 84 سال کے گروپ میں کسی اور کھلاڑی نے رجسٹریشن نہیں کروائی۔

فلورنس کہتی ہیں کہ وہ خود کو 85 سال کے بجائے 70 سال کی محسوس کرتی ہیں۔

فلورنس کے مطابق وہ ہفتے میں پانچ دن ٹریننگ کرتی ہیں، ان کا کہنا تھا، ’جب مجھے پتہ چلا کہ میں عالمی ایونٹ میں حصہ لوں گی تو میں نے ہفتے میں چھ  دن تربیت شروع کردی۔‘

انہوں نے 80 سال کی عمر میں نیویارک کے ایک اِن ڈور ایونٹ میں 6 فٹ کی پولٹ والٹ چھلانگ کا عالمی ریکارڈ بھی بنایا تھا۔

فلورنس نے بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ ہرڈلز اور پول والٹ پسند ہے۔

وہ بچپن سے ہی جسمانی مشقت کی عادی ہیں۔ ایک فارم ہاؤس میں پلنے بڑھنے والی فلورنس روزمرہ کے کاموں میں والد کا بھرپور ہاتھ بٹاتی تھیں۔

سکول میں انہوں نے باسکٹ بال اور بال روم ڈانسنگ میں نام کمایا۔

30 سال تک سیلز کے شعبے سے وابستہ رہنے والی فلورنس اپنے شوہر کے ہمراہ واٹر سکیئنگ کے مقابلے میں بھی حصہ لے چکی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی فٹنس