ناکے پر گدھے کی تصویر پوسٹ کرنے والا ملزم ضمانت پر رہا

یہ واقعہ اتوار کی شب پیش آیا جب ایک نوجوان کی جانب سے فیس بک پر ایک پوسٹ وائرل ہوگئی۔ پوسٹ کی گئی تصویر میں ٹریفک ناکے کے سامنے ایک گدھا کھڑا نظر آ رہا ہے۔

(تصویر جس کی وجہ سے ملزم گرفتار کیا گیا/ سوشل میڈیا)

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں ٹریفک ناکے پر کھڑے گدھے کی تصویر فیس بک پر پوسٹ کرنے اور کیپشن میں 'نازیبا' الفاظ استعمال کرنے پر گرفتار ملزم شایان لغاری کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

یہ واقعہ اتوار کی شب پیش آیا جب ایک نوجوان کی جانب سے فیس بک پر ایک پوسٹ وائرل ہوگئی۔ پوسٹ کی گئی تصویر میں ٹریفک ناکے کے سامنے ایک گدھا کھڑا نظر آ رہا ہے۔ اسی تصویر کو پوسٹ کرنے پر ملزم کو رات کے وقت گرفتار کر کے حوالات میں بند کیا گیا تھا۔

نوجوان نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا ’ٹریفک انچارج اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوئے۔‘ ملزم کو آج سینیئر سول جج ڈیرہ اسماعیل خان کے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

ڈی آئی خان کے ضلعی پولیس آفیسر واحد محمود نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ملزم کے خلاف مجموعہ ضابطہ فوجداری کی شق 107 اور 151 کے تحت کارروائی کی گئی اور اس کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ملزم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر یہ بات بھی ہو رہی ہے کہ ان کی عمر 14 سال تھی اور پولیس نے ان کو’رات بھر حبس بے جا‘ میں رکھا۔

اس حوالے سے ڈی آئی خان سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے بھی ٹویٹ کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فیصل کریم کنڈی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ 14 سال کا بچہ تھا اور سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا جو سراسر زیادتی ہے۔

انھوں نے بتایا ’بچے کو رات بھر اپنے والدین اور وکیل سے بھی نہیں ملنے دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر تو آج کل ہزاروں ایسے مزاحیہ کارٹونز اور پوسٹ شئیر کیے جاتے ہیں تو ایک بچے کو کیوں گرفتار کیا گیا۔‘

ضلعی پولیس آفیسر نے ملزم کی عمر کے بارے میں بتایا کہ اس حوالے سے انکوائری ہو رہی ہے تاکہ ملزم کی درست عمر معلوم کی جا سکے اور ملزم کی جانب سے دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا ہے کہ وہ آئندہ اس قسم کی پوسٹ کرنے سے اجتناب کریں گے۔

عمر کے حوالے سے جب انڈپینڈنٹ اردو نے ملزم کا فیس بک اکاؤنٹ چیک کیا تو وہاں پر پروفائل میں ان کی تاریخ پیدائش ستمبر 1999 لکھی گئی ہے۔ اگر یہی ملزم کی درست تاریخ پیدائش ہے تو وہ تقریباً 20 سال کے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل