بجٹ مسترد، 'عمران خان قومی بوجھ': اپوزیشن

بجٹ مسترد کرنے کا اعلان چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کیا جب کہ اس موقعے پر ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکمرانی ہمیں تباہی کی طرف لے جا رہی ہے اور وہ  قومی بوجھ بن گئے ہیں۔

(سکرین گریب)

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس بجٹ کو مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، عوامی نیشل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور قومی وطن پارٹی سمیت بعض آزاد امیدواروں کے حوالے سے کہا کہ بجٹ کو مشترکہ طور پر مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف  حکومت نے بجٹ پیش کر کے پورے ملک کو متحد کر دیا ہےاور وزیراعظم عمران خان اپنے اتحادیوں کو مشکل سے اکٹھا کررہے ہیں۔ اپوزیشن حکومت کو مشکل وقت دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ منظوری سے پہلے پیٹرول پر جتنا ٹیکس لگایا وہ پیٹرول سے بھی مہنگا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ موجودہ مشکل صورتحال میں عوام پر ظلم کیا گیا ہے۔ ہمیں امید تھی کہ یہ بجٹ ملک کی عوام کی زندگی و معاشی صورتحال کو تحفظ فراہم کرے گا مگر ان مشکل حالات میں بھی عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا۔

اس موقع پر ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں جب کہ ملک کے طول و عرض پر ایک وبا کا راج ہے،  عمران خان کی حکمرانی ہمیں تباہی کی طرف لے جا رہی ہے اور وہ  قومی بوجھ بن گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جتنی جلدی عمران خان سے چھٹکارا ممکن ہو جائے، پاکستان بچایا جاسکتا ہے۔ اپوزیشن مشترکہ حکمت عملی مرتب کرے گی اور  وقت آچکا ہے کہ ان کا حساب کتاب چکا دیا جائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے عوام پر بوجھ ڈال دیا گیا جب کہ پوزیشن کوٹارگٹ کرنےکے لیے حکومتی ادارے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو اندھیرے میں رکھا۔ بجٹ محض الفاظ کا گورکھ دھندا ہے اور  جتنےبھی اعداد وشمار دیے گئے وہ غیر حقیقی ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی نے بھی کانفرنس میں مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے برا وقت ملک پر نہیں آسکتا، مشترکہ کوششیں کرکے اس ظالمانہ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔

12 جون 2020 کو پاکستان تحریک انصاف  کی حکومت نے 71 کھرب 36 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا تھا جس میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان