41 روپے فی لیٹر پیٹرول اضافہ ہونا تھا لیکن 25 روپے کیا: عمر ایوب

وزیر توانائی عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 112 فیصد بڑھی ہے جس کو دیکھتے ہوئے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 41 روپے کا اضافہ ہونا تھا، لیکن حکومت نے اسے 25 روپے 58 پیسے تک محدود رکھا۔

(اے ایف پی)

وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باوجود پاکستان میں پیٹرول نہ صرف برصغیر بلکہ جنوبی ایشیا کے مقابلے سستا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ریکارڈ اضافے پر وضاحت دیتے ہوئے وزیر توانائی عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 112 فیصد بڑھی ہے جس کو دیکھتے ہوئے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 41 روپے کا اضافہ ہونا تھا، لیکن حکومت نے اسے 25 روپے 58 پیسے تک محدود رکھا۔

اسی طرح ان کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے 31 پیسے کا مجموعی اضافہ ہونا تھا لیکن اسے 21 روپے تک اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ حکومت کی مجبوری ہے اس کے باوجود گزشتہ ماہ کے دوران نہ صرف برصغیر بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں پیٹرول کی قیمت سب سے سستی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول 100 روپے فی لیٹر جبکہ بھارت میں اس وقت پیٹرول کی قیمت 180 روپے، بنگلہ دیش میں 174 اور چین میں 138 روپے فی لیٹر ہے۔

اسی طرح جنوب مشرقی ایشیا میں دیکھا جائے تو فلپائن میں 153 روپے، تھائی لینڈ 159 روپے اور جاپان میں پیٹرول 196 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے مطابق اضافہ اور کمی کی جائے جبکہ سابقہ ادوارِ حکومت میں جب پیٹرول کی قیمت کم ہوتی تھی تو اس کا فائدہ حکومت خود اٹھاتی تھی لیکن ہم نے یہ نہیں کیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان