امیتابھ اور ابھیشک کرونا وائرس کے باعث ہسپتال داخل

میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جو لوگ گذشتہ 10 دنوں میں مجھ سے ملے، ان سے درخواست ہے کہ وہ براہ کرم اپنا ٹیسٹ کرا لیں: امیتابھ بچن۔

دونوں باپ بیٹے میں وبائی مرض کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں (اے ایف پی)

بالی وڈ کے میگا سٹار امیتابھ بچن اور ان کے  بیٹے ابھیشک بچن میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد انہیں ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دونوں باپ بیٹے میں وبائی مرض کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ امیتابھ بچن نے اپنے چار کروڑ 30 لاکھ ٹوئٹر فالوورز کو بتایا: ’میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔۔۔۔ جس کے بعد مجھے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جو لوگ گذشتہ 10 دنوں میں مجھ سے رابطے میں رہے، ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ براہ کرم اپنا ٹیسٹ کرا لیں۔'

ابھیشک بچن نے بھی ٹوئٹر پر اپنی بیماری کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ’ہم دونوں کو معمولی علامات ظاہر ہونے کے سبب ہسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ پرسکون رہیں اور گھبرائیں نہیں۔"

امیتابھ بچن کروڑوں دلوں پر راج کرتے ہیں، ان کے پرستار ہر سال 11 اکتوبر کو ان کی سالگرہ پر ممبئی میں ان کے بنگلے کے باہر جمع ہو جاتے ہیں۔ 77 سالہ اداکار کو ’بگ بی‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جنہوں نے 1970 کی دہائی کے اوائل میں زنجیر اور شعلے جیسی شہرہ آفاق فلموں میں اپنے فن کا جادو جگایا۔

ان کی فلمیں آج بھی پورے بھارت کے سینما گھروں میں کھڑکی توڑ کاروبار کرتی ہیں لیکن کرونا وبا کے باعث ان کی نئی مزاحیہ ڈرامہ فلم گلابو سیتابو کو سینما گھروں کی بندش کی وجہ سے آن لائن ریلیز کیا گیا ہے۔ 44 سالہ ابھیشک بچن بھی بالی وڈ کے ایک کامیاب اداکار اور پروڈیوسر ہیں اور ان کی شادی معروف اداکارہ اور سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب بھارت بھر میں کرونا وائرس کے وار جاری ہیں جہاں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 820،916 ہو گئی جب کہ 22،123 افراد اس مہلک وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لاکھوں مریض ملک میں طبی سہولیات اور عملے کی شدید قلت کی شکایت کر رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے ملک میں کرونا کے بہت کم ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جب کہ مریضوں کی حقیقی تعداد سرکاری طور پر بتائی گئی تعداد سے کئی گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے کیسز میں ہوشربا اضافے کے باوجود لاک ڈاؤن پابندیوں میں نرمی کی ہے۔ مارچ کے آخر سے ملک گیر لاک ڈاؤن کے باعث بالی وڈ میں بھی تمام سرگرمیاں معطل تھیں اور حال ہی میں فلموں کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز ہوا ہے۔

امیتابھ بچن بھارت کی فلم انڈسٹری کے شہنشاہ کہلاتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے کیریئر میں ٹیلی ویژن پر کام کے علاوہ کاروبار اور سیاست میں بھی طبع آزمائی کی ہے۔ ان کے ٹی وی گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ نے بھی مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔

امیتابھ بچن میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد بالی وڈ اور کھیلوں کی معروف شخصیات کے علاوہ لاکھوں پرستاروں نے بھی ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹ سٹار سچن تندلکر نے ٹویٹ کیا کہ ’آپ کی صحت اور جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم