ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق پاسداران انقلاب نے جنگی مشقوں کے دوران جعلی امریکی طیارہ بردار جہاز تباہ کر دیا ہے۔
منگل کو خلیج میں کی جانے والی تربیتی مشقوں کے دوران امریکی طیارہ بردار جہاز کی ڈمی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ آبنائے ہرمز کی اہم آبی گزر گار کے نزدیک کی جانے والی ان جنگی مشقوں کو ''پیغمبر محمد 14' کا نام دیا گیا ہے۔
یہ مشقیں ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ چکی ہے۔
سرکاری ٹی وی پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں ایران کے پاسداران انقلاب اور بحری فوج کو اس حملے کی تیاری کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں تیز رفتار کشتیوں کو اس ڈمی طیارہ بردار جہاز کی جانب نظم و ضبط سے بڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ہدف پر زمینی فوج کے توپ خانے سے گولہ باری جب کہ ہیلی کاپٹر سے میزائل پھینکا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نمٹز کلاس طیارہ بردار جہاز کی اس ڈمی پر جعلی جنگی جہازوں کی قطاریں بھی موجود تھیں۔ فوٹیج میں فوجی ٹرکوں سے پھینکے جانے والے راکٹس اور ان سے ہونے والے نقصان کو بھی دکھایا گیا ہے۔
جبکہ کامیاب حملے کے بعد تیز رفتار کشتیوں کو جہاز کی جانب جاتے اور اس کا گھیراو کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے ریاستی ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ان مشقوں میں فضائی اور بحری افواج کی جارحانہ تیاری کو دکھایا گیا ہے۔‘
امریکی بحریہ نے اپنے ردعمل میں ایران کی ان بحری مشقوں کو ’غیر ذمہ دارانہ اور لاپرواہی‘ پر مبنی قرار دیا ہے۔
یہ مشقیں اس واقعے سے چند روز بعد کی جا رہی ہیں جب ایران کی جانب سے امریکی جنگی طیاروں پر شام کی فضائی حدود میں ایران کے مسافر طیارے کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اس واقعے میں مہان ائیر لائنز کے چار مسافر زخمی بھی ہوئے تھے۔ یاد رہے گذشتہ سال جون میں ایران نے خلیج کے علاقے میں امریکہ کا ڈرون طیارہ بھی مار گرایا تھا۔
رواں سال اپریل کے وسط میں امریکہ کی جانب سے ایران کے پاسداران انقلاب پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ اپنی تیز رفتار کشتیوں پر خلیج میں موجود امریکہ کے جنگی جہازوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔