کرونا وائرس: یونیورسٹی امتحانات لینے پر بضد، طلبہ کو تشویش

پنجاب کی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کےچار طلبہ کےمبینہ طور پر کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاعات کے بعد دیگر طلبہ تشویش میں مبتلا ہیں لیکن انتظامیہ کہتی ہے کہ امتحان ایس او پیز کے تحت ہوں گے۔

(سوشل میڈیا)

پنجاب کی بڑی جامعات میں شمار ہونے والی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کی انتظامیہ آج (24اگست) سے امتحانات لینے کا سلسلہ شروع کر  رہی ہے۔

اس سلسلے میں انتظامیہ نے ملک کے مختلف علاقوں سے یہاں زیر تعلیم طلبہ کو 17اگست سے ہاسٹلز میں بلالیاتھا، جن میں سے چار مبینہ طور پر کرونا (کورونا ) وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں اور انہیں علیحدہ رکھا جا رہاہے۔

انتظامیہ کی جانب سے امتحانات لینے پر سینکڑوں طلبہ تشویش میں مبتلا ہیں ۔ان کا کہناہے کہ انہیں موجودہ حالات میں امتحان دینے کی فکر نہیں لیکن ان کی جانوں کو خطرہ ضرور ہوسکتاہےکیونکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے امتحانات کے لیے انتظامات اتنے بہترین نہیں کیے کہ جن سے وہ کرونا وائرس سے بچ سکیں۔

یونیورسٹی ترجمان نے تشویش میں مبتلا طلبہ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ جن چار طلبہ کا کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، ان کی ٹیسٹ رپورٹس ابھی نہیں آئیں اور امتحانات حفاظتی اقدامات  کے تحت لیے جا رہے ہیں۔

 یو ای ٹی میں زیر تعلیم ایک طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مذکورہ چار طالب علموں کے  نام لیتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق بلوچستان، سیالکوٹ اورگجرانوالہ سے ہے، وہ یو ای ٹی کے ہاسٹلز میں رہائش پزیر تھے اور امتحانات کی تیاری کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ ان طلبہ کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایاگیااور الزام عائد کیا کہ انتظامیہ 'ان کی رپورٹس چھپارہی ہے۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

طالب علم کو ڈر ہے کہ ان حالات میں چھٹے،چوتھے اور دوسرے سمسٹر کے امتحانات کے یے آنے والے سینکڑوں طلبہ کو بھی کرونا وائرس سے خطرہ ہے۔

تاہم یو ای ٹی کی ترجمان شاہدہ نذیر نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا مذکورہ چاروں طلبہ کی طبیعت خراب ہوئی تھی، انہیں چیک اپ کے بعد ابتدائی طبی امداد دے دی گئی ہے اور علیحدہ کمروں میں رکھاگیاہے،جہاں ان کی دیکھ بھال کی جارہی ہے تاہم ابھی ان کی ٹیسٹ رپورٹس نہیں آئیں۔

انہوں نے کہاکہ امتحانات کے لیے طلبہ کو ماسک فراہم کیے جائیں گے اور سوشل ڈسٹنسگ کے اصول کے تحت امتحانی ہال میں بیٹھایاجائےگا۔ 'انہیں ایک ایک کر کے ہال میں داخلے کی اجازت ہوگی اور ان کا درجہ حرارت بھی چیک ہوگا۔تاہم کسی بھی کھانسی کرنے والے یا زیادہ ٹمپریچر والے طالب علم کو علیحدہ بیٹھا کر امتحان لیا جائے گا۔'

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس